لاہور(خصوصی رپورٹ) محکمہ اینٹی کرپشن نے مقدمات میں مطلوب اشتہاری افسروں اور ملازمین کی گرفتاری کیلئے پنجاب حکومت سے دوبارہ مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے ، اس ضمن میں ڈی جی اینٹی کرپشن بریگیڈیئر(ر) مظفر علی رانجھا نے چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) زاہد سعید کو باضابطہ طور پر لیٹر بھجوا دیئے ، معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی طور پر پر اشتہاری پولیس افسروں اور ملازمین کی فہرست چیف سیکرٹری آفس کو بھجوائی جا چکی ہے، اینتی کرپشن ذرائع کے مطابق پنجاب میں اس وقت 960 سے زائد سول و پولیس افسرو ملازمین کرپشن مقدمات میں اشتہاری ہیں، ان میں 11 ایس پی، 63 ڈی ایس پیز، 117 انسپکٹر ، 129 اسٹنٹ سب انسپکٹر و سب انسپکٹر، 133 حوالدار ، ہیڈکانسٹیبل و کانسٹیبل، 23 تحصیلدار ، 73 نائب تحصیل دار، 98 قانون گو، 121 پٹواری اور دیگر ملازمین شامل ہیں، ان میں سے متعدد افسران و ملازمین ریٹائر ہو چکے ہیں یا ہونے والے ہیں ، قبل ازین سابق ڈی جی اینٹی کرپشن سید علی مرتضی اور انور شید ملزموں کی گرفتاری کیلئے آئی جی اور ہوم سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان کو مراسلے لکھ چکے ہیں مگر کوئی جواب موصول نہیں ہوا ، ذرائع کے مطابق کرپشن مقدمات میں اشتہاری افسر زیادہ تر یونیفارم میں اب بھی ڈیوٹیاں کر رہے ہیں، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے بتایا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، جس نے کرپشن کی وہ چاہے یونیفارم میں ہویا سول کپڑوں میں، اس کی گرفتاری کے لئے ہر طرح کے وسائل کو بروئے کا رلایا جائیگا ، محکمہ زمینی حقائق کے مطابق کرپشن کے مقدمات کی تفشیش کر رہا ہے۔
.