لاہور کے علاقے ڈیفنس کے زیڈ بلاک کی زیر تعمیر عمارت میں ہونے والے پراسرار دھماکے میں ابتدائی طور پر 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد عمارت میں نصب کیا گیا تھا جس میں تقریباً 10 کلو گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق عمارت کے باہر پارکنگ میں ہونے والا دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ دوسری جانب دھماکے کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جب کہ پولیس نے قریبی علاقوں کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔





































