اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)اربوں کے خسارے کے باوجود وزارت ریلوے کے افسران کی عیاشیاں ختم نہ ہوئیں، ایک طرف پاکستان ریلوے کو 27ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے جبکہ دوسری طرف افسر شاہی کی جانب سے گاڑیوں کی مرمت، دیکھ بھال اور ایندھن کی مد میں کروڑوں خرچ کئے جارہے ہیں،وزارت ریلوے کے ذرائع کے مطابق اس وقت وزارت ریلوے کے پاس 20سرکاری گاڑیاں ہیں ان گاڑیوں کی دیکھ بھال ، مرمت اور ایندھن کی مد میں یکم جنوری 2013 سے 31دسمبر 2016 تک 2کروڑ 17لاکھ 21ہزارروپے سے زائد خرچ کئے گئے ہیں، ریلوے جو گزشتہ کئی برس سے خسارے میں چل رہا ہے تمام تر جتن کے باوجود منافع بخش تو دور کی بات اس کا خسارہ کم کرنے میں کامیابی حاصل نہ کی جاسکی جس کی سب سے بڑی وجہ آمدن کم اخراجات زیادہ ہیں،ریلوے حکام نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کو منافع بخش بنانے اور خسارے سے نکالنے کیلئے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں جن میں مال بردارگاڑیوں میں اضافہ کیا گیا، مختلف ٹرینوں کو نجی شعبے میں دیا جارہا ہے جس سے توقع ہے کہ سالانہ اربوں کی آمدن ہوگی، اسی طرح کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس ساہیوال تک درآمد شدہ چار ملین ٹن سے زائد کوئلہ کی نقل وحمل کیلئے نجی کمپنی سے معاہدہ کیا گیا،باربرداری کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے کے حوالے سے ٹرانسپورٹ کمپنی قائم کی گئی ہے ، موجودہ حکومت نے ریلوے کو خسارے سے نکالنے کے لئے مختلف اقدامات کئے ہیں۔