تازہ تر ین

آرمی چیف کا دورہ چین ، دفاعی شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

بیجنگ( ویب ڈیسک) چینی قیادت نے سی پیک کی سیکیورٹی کے لیے پاکستانی اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے جب کہ دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 3 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے چین کی سینیئر سیاسی وعسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، آرمی چیف نے کمانڈر پیپلزلبریشن آرمی، چین کے جوائنٹ سروسز ڈپارٹمنٹ کے چیف اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیرمین سے ملاقاتیں کیں جن میں علاقائی سیکیورٹی، معاشی، دفاعی تعاون اور مشترکہ مفاد پر بات چیت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور چینی قیادت میں دفاعی شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جب کہ اس موقع پر چینی قیادت کا کہنا تھا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری میں پیشرفت قابل اطمینان ہے اور سی پیک کی سیکیورٹی کے لیے پاکستانی اقدامات پر مکمل اعتماد ہے۔ ترجمان کے مطابق چینی قیادت نے القاعدہ ،ٹی ٹی پی، ای ٹی آئی ایم کے خاتمے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے کے استحکام اور امن میں پاکستان کا کردار مثبت ہے تاہم انہوں نے افغانستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دفاعی تعاون پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی تعاون سے عوام کی سدا بہار دوستی کو طاقت ملتی ہے جب کہ پاک فوج علاقائی استحکام اور سیکیورٹی کیلیے کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین دوستی آزمودہ اور منفرد ہے یہ دونوں ملکوں کے عوام کے مضبوط تعلقات کا ذریعہ ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم پاکستان پریڈ پر پیپلزلبریشن آرمی کا دستہ بھیجنے پر چینی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain