اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ روڈ نیٹ ورک اور ٹرانسپورٹیشن کے منصوبے معاشی ترقی میں اہمیت رکھتے ہیں، منصوبوں کی بروقت تکمیل سے عوام کی معاشی اور سماجی حالت بدلے گی تاہم معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹیشن اور سڑکوں کے نیٹ ورک کے حوالے سے منصوبوں پر غور کیا گیا۔ ایف ڈبلیو او کے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل، چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف اور چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے شرکا کو پشاور موڑ سے نیو ایئرپورٹ تک میٹرو بس منصوبے اور دیگر منصوبوں پر بریفنگ دی۔وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ نیٹ ورک اور ٹرانسپورٹیشن منصوبے معاشی ترقی میں اہمیت رکھتے ہیں، روڈ نیٹ ورک سے دوردراز علاقے شہروں سے جڑ جائیں گے، منصوبوں سے عوام کی معاشی اور سماجی حالت بدلے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں گے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
عوام کی معاشی حالت بدلنے کیلئے وزیراعظم کابڑا اعلان
