محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں یکم سے 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد ہوگی، جبکہ عقائد اور فرقوں سے متعلق اشتعال انگیز تقاریر اور مواد کی تشہیر بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق محرم کے جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے یا عارضی تعمیرات قائم کرنے پر بھی پابندی ہوگی تاکہ سیکیورٹی خطرات سے بچا جا سکے۔
نوٹیفکیشن میں یکم سے 10 محرم الحرام تک ڈبل سواری پر پابندی کا بھی اعلان کیا گیا ہے تاہم بعض مخصوص طبقات کو قانون کے مطابق استثنیٰ حاصل ہو سکتا ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنا اور عزاداری کے پروگراموں کے محفوظ انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔
