ماسکو(این این آئی)روس کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی یانڈیکس کے ڈیٹا سینٹرز کو یوکرین کے ڈرون حملوں سے شدید نقصان پہنچنے کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یانڈیکس کے ڈیٹا سینٹرز کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے بعض صارفین تو کئی روز تک اپنی رقم تک رسائی حاصل نہیں کر سکے جب کہ کچھ افراد کے لیے کھانا منگوانا، سفر کرنا اور گھروں میں داخل ہونا بھی مشکل ہو گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں یوکرین کے حملوں کے دوران یانڈیکس کے 5 بڑے ڈیٹا سینٹرز میں سے 3 کو نقصان پہنچا، یہ حملے روس کی جانب سے یوکرین کے ڈیٹا سینٹرز اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے بعد کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق یانڈیکس روس میں سرچ انجن کے علاوہ ٹیکسی، کھانے کی ترسیل، ای میل، کلاڈ اسٹوریج اور ڈیجیٹل ادائیگیوں سمیت مختلف خدمات فراہم کرتی ہے۔
