راولپنڈی(ویب ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ وطن سے پہلے کچھ نہیں کیونکہ وطن پہلے اور بعد میں کوئی بھی فرد یا ادارہ آتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچ رجمنٹ سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے ان کا استقبال کیا ۔جب کہ جنرل قمر جاوید باجوہ رجمنٹ سینٹر میں یادگار شہدا بھی گئے جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے تربیتی مرکز میں افسران اور ریکروٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ رجمنٹ سینٹر کا دورہ انتہائی خوشی اور عزت کا باعث ہے کیوں کہ بلوچ رجمنٹ کے ساتھ میری خصوصی وابستگی ہے اور میرے والد کا تعلق بھی اسی رجمنٹ سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج قومی سلامتی کے لیے کام کرتی رہے گی کیونکہ وطن سے پہلے کچھ نہیں، وطن پہلے اور بعد میں کوئی بھی فرد یا ادارہ آتا ہے۔
