تازہ تر ین

بھارتی ایک بار پھر ہٹ دھرمی پر اتر آیا ، مذاکرات خطرے میں

لاہور( ویب ڈیسک)ورلڈ بنک کی زیر نگرانی پاکستان اور انڈیا کے مابین رواں ماہ واشنگٹن میں کشن گنگا اور رتلے منصوبوں پر سیکریٹری سطح پر مذاکرات کے انعقاد کے بارے میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر مرزا آصف بیگ نے بی بی سی کو بتایا کہ واشنگٹن میں انڈیا پاکستان مذاکرات طے شدہ وقت پر ہوتے ہیں یا نہیں اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات میں شرکت کے بارے میں دونوں فریقین کی جانب سے حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔مرزا آصف بیگ کے مطابق مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ دونوں ملکوں کی جانب سے کیا جانا ہے جس کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔گزشتہ ماہ دو سال کے تعطل کے بعد بھارت پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے کے تحت انڈس واٹر کمشنروں کی سطح پر مذاکرات بحال کرنے پر رضامند ہوا تھا۔ ان مذاکرات کے بعد پاکستان کی طرف سے یہ کہا گیا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو متنازع منصوبوں پر اپریل میں واشنگٹن میں بات چیت ہو گی۔ بھارت نے ان مجوزہ مذاکرات کے بارے میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
پاکستان کے پانی و بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا تھا کہ 11 اپریل سے واشنگٹن میں ورلڈ بنک کی زیر نگرانی کشن گنگا اور رتلے منصوبوں پر پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیکرٹری سطح پر مذاکرات ہوں گے۔انڈیا دریائے نیلم کے پانی پر 330 میگاواٹ کشن گنگا اور دریائے چناب کے پانی پر 850 میگا واٹ رتلے پن بجلی منصوبے تعمیر کر رہا ہے۔ ان دونوں منصوبوں پر پاکستان نے اعتراضات اٹھاتے ہوئے ورلڈ بینک کو ثالتی کرنے کے لیے رجوع کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مذاکرات میں دریائے چناب پر بننے والے دیگر دونوں منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی۔ پاکستان نے ان منصوبوں پر سندھ طاس معاہدے کے تحت اعتراضات سے انڈیا کو آگاہ کر دیا ہے۔خیال رہے کہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں اڑی حملے کے بعد ستمبر 2016 میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی زیرِ صدرات ہونے والے ایک اہم اجلاس میں پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے کے تحت ہونے والے مذاکرات کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اس وقت نریندر مودی کی طرف سے یہ بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ‘خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے۔’ انڈین حکومت کی طرف سے پاکستان کے ساتھ 57 سالہ پرانے اس معاہدہ کو ختم کرنے کی دھمکیاں بھی سامنے آئی تھیں


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain