اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کی ایک اور بھارتی درخواست مسترد کر دی ، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ کلبھوشن بلوچستان میں را کیلئے جاسوسی کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا ، دونوں ملکوں میں قیدیوں تک رسائی کا معاہدہ ہے جاسوسوں تک نہیں۔بدھ کو اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کرکے اپنے سزا یافتہ جاسوس کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کیلئے اپیل کی جس پر سیکرٹری خارجہ نے صاف انکار کر دیا ۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے گوتم بمبانوالے سے کہا کہ ان کا نیوی کمانڈر کلبھوشن یادیو بلوچستان میں را کیلئے جاسوسی کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ۔ اس نے دہشتگردی ، جاسوسی اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کا اعتراف کیا ۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر پر واضح کر دیا کہ دونوں ملکوں میں قیدیوں تک قونصلر رسائی کا معاہدہ ہے جاسوسوں کا نہیں ۔ بھارت نے کلبھوشن کیس میں قانونی معاونت کی پاکستانی درخواست کا مثبت جواب دیا نہ کلبھوشن نیٹ ورک کے بھارت میں موجود لوگوں تک رسائی دی ۔