استنبول ( نیوزڈیسک) انٹرنیٹ مانیٹرنگ گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ترک حکام نے اپنے ملک میں معلوماتی ویب سائٹ وکی پیڈیا پرپابندی عائد کردی ہے۔ترکی بلاکس نامی ایک انٹرنیٹ مانیٹرنگ گروپ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ترکی نے وکی پیڈیا پر پابندی عائد کردی ہے، تاہم پابندی کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی۔
مانیٹرنگ گروپ نے دعویٰ کیا کہ ترک حکام کی جانب سے انتظامی حکم آنے کے بعد وکی پیڈیا کو بلاک کیا گیا ، اس بندش سے ملک میں وکی پیڈیا کا مختلف زبانوں میں شائع ہونے والا کوئی بھی ایڈیشن انٹرنیٹ پر موجود نہیں ہے۔ترکی بلاکس اور دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معلوماتی ویب سائٹ کو عبوری انتظامی حکم کے تحت بند کیا گیا ہے تاہم اس کی مستقل بندش کے لیے اگلے چند روز میں عدالتی توثیق کی ضرورت ہوگی۔
دوسری جانب ترکی کی معلومات اور مواصلات ٹیکنالوجی اتھارٹی نے موقف اختیا ر کیا ہے کہ اس نے وکی پیڈیا پر پابندی عائد کی ہے تاہم اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔