اسلام آباد(ویب ڈیسک) ملک کے نئے بجٹ میں وزیراعظم ہاﺅس اور ایوان صدر کے فنڈز میں ساڑھے تین سے ساڑھے سات کروڑ روپے تک کا خطیر اضافہ زیر غور آیا ہے جس کے بعد دونوں گھروں کا مجموعی بجٹ ایک ارب اسی کروڑ سے بڑھ جائے گا۔وزیراعظم ہاوس اور ایوان صدر کے سرکاری امور کی بہتر انجام دہی کیلئے نئے بجٹ میں جاری اخراجات بڑھانے کی تجویز کی گئی ہے۔سرکاری دستاویز کے مطابق وزیراعظم ہاوس کا آئندہ مالی سال کیلیے بجٹ ساڑھے سات کروڑ اضافے کے ساتھ اکانوے کروڑ روپے ہوگا۔ جبکہ ایوان صدر کا بجٹ ساڑھے تین کروڑ روپے اضافے کے ساتھ نواسی کروڑ سے زائد ہونے کا امکان ہے۔دستاویز کے مطابق وزیراعظم ہاوس کی تزئین پر اڑھائی کروڑ روپے اور ایوان صدر کی تزئین پر دو کروڑ خرچ کرنے کی تجویز ہے۔وزیراعظم ہاﺅس کے ملازمین کے اخراجات باسٹھ کروڑ روپے جبکہ ایوان صدر کے ملازمین پر انسٹھ کروڑ روپے سے تجاوز کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں بڑے گھروں کی گرانٹس، سبسڈیز اور آپریشنل اخراجات میں بھی اضافہ متوقع ہے۔






































