تازہ تر ین

انرجی کولڈ ڈرنکس پر پابندی ، خبریں کی خبر پر ایکشن

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) خبریں کی خبر پر ایکشن ،تعلیمی اداروںمیں کاربونیٹڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی ،پابندی کا اطلاق گرمیوں کی چھٹیوں کے فورا بعد ہو گا،کاربونیٹڈکولڈ ڈرنکس کے استعمال سے بچوں میں ہڈیوں سمیت جسمانی نشوونما متاثر ہوتی ہے،ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی ۔تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل کاربونیٹڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس کے حوالے سے روزنامہ ”خبریں“ میں خبر شائع کی گئی تھی جس پر ایکشن لیتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے سکولوں میں کولڈ درنکس پابندی کے حوالے سے کی گئی قانون سازی سے تفصیلی طور پرآگاہ کرنے کے لیے کولڈ ڈرنکس اور مشروب ساز کمپنیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کی گئی۔ سٹیک ہولڈرز کو سکولوں میں تمام قسم کی کاربونیٹیڈ ڈرنکس پر پابندی کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ریڈ زون میں شامل تمام اشیاءجیسا کہ کاربونیٹڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس وغیرہ کی سکولوں کے اندر اور سکولوں کی حدودکے 100 میٹر کے احاطے کے اندر فروخت پر مکمل پابندی عائدہو گی۔ پابندی کا اطلاق گرمیوں کی چھٹیوں کے فورا بعد سے ہو گا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے پابندی کی وجوہات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کاربونیٹڈکولڈ ڈرنکس کے استعمال سے بچوں میں ہڈیوں سمیت جسمانی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سکولوں میں پنجاب فوڈ اتھارٹی گرین زون میں شامل مصنوعات، پھل، ملک شیک، فروٹ چاٹ، دودھ اور دہی سے بنی اشیاءکی اجازت ہو گی۔ علاوہ ازیں ملاقات میںکولڈڈرنکس اور مشروبات میں مضر صحت رنگوں کے استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے کولڈ درنکس سمیت تمام مشروبات کے اجزا اور معیار کو قوانین کے مطابق بنانے کے لیے تمام کمپنیوں کو 2 ماہ کی مہلت دی۔ 2 ماہ کے اندر تمام اجزاءپنجاب فوڈ سیفٹی ریگولیشن 2017 کے مطابق بنانے کے احکامات جاری کیے۔ اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ مشروبات میں منظور شدہ فوڈ کلرز کا استعمال نا کرنے پر لائسنس منسوخی سمیت سخت کاروائی کی جائے گی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں ہونے والی ملاقات میں نیسلے، پیپسی، کوکا کولا، آر سی، قرشی انڈسٹری، مچلز اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈ ریگولیشنز2017ءپر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام قوانین پر عمل درآمد یقینی دہانی کروائی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain