لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزےراعلیٰ پنجاب میاں محمدشہبازشرےف کی زیرصدارت تعطیل کے باوجود6 گھنٹے طویل اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میںآئندہ مالی سال 2017-18 کے صوبائی بجٹ کی تجاویز اورسالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18 کی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ عوام دوست، کسان دوست اور صنعتکار دوست ہوگا۔بجٹ میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نئی سکیمیں رکھی جائیں گی اور کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے پروگراموں کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا اور بجٹ میں پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے۔ پنجاب حکومت شہری و دیہی علاقوں کی یکساں ترقی کی پالیسی کو مزید آگے بڑھائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح و بہبود اور اسے معیاری سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور نئے صوبائی بجٹ کی تجاویز میں اسی پالیسی کو آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18 کی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے مو¿ثر حکمت عملی کے ذریعے رواں مالی برس کے ترقیاتی اہداف حاصل کئے ہیں۔ آئندہ مالی سال کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم ریکارڈ ساز ہو گا اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ تکمیل ہماری ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے آبادی کے تناسب سے آئندہ مالی برس بھی زیادہ وسائل فراہم کئے جائیں گے جبکہ اربوں روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ جنوبی پنجاب سے شروع کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کی 37 تحصیلوں میں بیک وقت پروگرام پر عملدرآمد کا آغاز ہوگا۔ وزےراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشرےف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شعبہ صحت کی ترقی، صوبے کے 40 ہسپتالوں میں اصلاحات اور ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے انسینریٹرز کی تنصیب کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس کے دوران صوبے میں پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کے تنظیمی ڈھانچے اور دیگر امور کے حوالے سے سفارشات کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کے امور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے سپرد ہوں گے اور ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوالے سے اس ادارے کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے لہٰذا ادارے کے قیام کے حوالے سے تمام امور فوری طور پر طے کئے جائیں کیونکہ پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کو سودمند، بامقصد اور نتیجہ خیز ادارہ بنانا ہے۔ وزےراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشرےف سے آج یہاں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ2017 کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں زیادہ خوشحال، ترقی یافتہ اور محفوظ ہے اور وزیر اعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے چار سالہ دور میں ہر شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ عوام کی بے لوث خدمت مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو آئینہ دکھا چکے ہیں اور منفی سیاست کرنے والے عناصر کو ہر موقع پر مسترد کر چکے ہیں۔ پاکستان میں الزام تراشی کی نہیں صرف خدمت کی سیاست ہو گی اور خدمت، دیانت اور محنت کی سیاست 2018 میں بھی کامیاب رہے گی اور عوام آ ئندہ الیکشن میں بھی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی وخوشحالی کو سفر جاری و ساری رہے گا۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کےلئے بے مثال اقدامات پر وزیر اعلیٰ کی کارکردگی اور ویژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی انتھک محنت اور شاندار ویژن کو پاکستان سمیت بیرونی دنیا میں بھی سراہا جاتا ہے اور آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں پنجاب نے ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے۔





































