بشام (نمائندہ خبریں) وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ امیرمقام چور اور آصف زرداری بڑا ڈاکو ہے ، روٹی ،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والے ارب پتی بنے بیٹھے ہیں ، عوام غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی بسر کررہے ہیں ، نوازشریف کو کٹہرے میں لاکھڑا کرنا بڑی تبدیلی ہے ، اے این پی نے ہمیں رشوت سے بھرا خیبرپختونخوا دیا تھا مگر ہم نے تمام محکموں سے بدعنوانی کا خاتمہ کردیا ،تحریک انصاف نے چوروں اور ڈاکوﺅں کو کٹہرے میں لاکھڑا کردیا اس بڑی اور کیا تبدیلی ہوسکتی ہے ؟۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بشام میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پرویز خٹک نے پی کے87کیلئے بڑے پیکیج ،بشام میں ڈگری کالج، کانا کو سب تحصیل ، چکیسر کو تحصیل، بشام ہسپتال کو کٹگری سی کا درجہ دینے بشام کیلئے پریس کلب، ٹیکنیکل کالج کے قیام دو پلوں کی تعمیر ، کئی سکولوں کی اپ گریڈیشن اور صاف پانی کی سکیموں سمیت متعدد اعلانات بھی کیے ۔ جلسہ سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماءشوکت یوسفزئی، وزیر اعلیٰ کے مشیر عبدالمنعم، عبدالحق، زرگل ،نواز محمود، رحم زادہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا، وزیر اعلیٰ نے بشام میں کرکٹ گراﺅنڈ کی تعمیر کا افتتاح بھی کیا۔ وزریر اعلیٰ پرویزخٹک نے کہاکہ اے این پی والوں سے بڑے چور خواب میں بھی نہیں دیکھے ،جب حکومت ملی تو چوری سے بھرے افسر ملے، تمام محکموں ،سکولوں ہسپتالوں کا برا حال تھا۔ سکولوں میں نہ استادجاتا تھا نہ ڈاکٹر کوہسپتال معلوم تھا، صوبے میں نوکریوں کی خریدو فروخت جاری تھی ، سرکاری افسران فائل میں کاغذ دیکھنے کی بجائے پیسے تلاش کرتے تھے۔ اج ہم نے حقیقی تبدیلی لائی ہے۔ پولیس، پٹوار کلچر کو تبدیل کردیاہے۔سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی سوفیصد حاضری کے ساتھ ہزاروں اساتذہ میرٹ پر بھرتی کئے ہسپتالوں میں واضح تبدیلی لائی ۔ہم نے دوسو سے زائد قانون سازیاں کی۔آج لوگ واضح طور پر تبدیلی محسوس کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو شعوردیا اور چور نوازشریف کو کٹہرے میں لایاجو ایک بڑی تبدیلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مذہبی جماعت نے صوبے میں پانچ سال حکومت کی لیکن مذہب کیلئے کچھ نہیں کیا ہم نے پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک ناظرہ کو لازمی قراردیا سود کے خاتمے اور جہیز کی لعنت کے خاتمے کیلئے قانون سازی کی۔ آج اصلاحات کی بدولت نیا پختونخواہ کا خواب پورا ہوگیاہے۔ امیر مقام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرویز خٹک نے کہاکہ شانگلہ سے کئی بار کامیاب ہونے والے امیر مقام نے یہاں کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا عوام آئندہ الیکشن میں ان کا محاسبہ کریں۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پی کے 87شانگلہ کیلئے بڑے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے بشام میں ڈگری کالج کے قیام ، بشام ہسپتال کو کٹیگری سی کا درجہ دینے بشام میں پریس کلب کے قیام ، کانا کو سب تحصیل کا درجہ دینے چکیسر کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان بھی کیا۔ اور کوڑمنگ اور رانیال پل کو تعمیر کرنے سمیت کئی مڈل سکولز کو ہائی کا درجہ دینے اور مختلف علاقوں کیلئے کچہ روڈز اور پینے کے صاف پانی کی سکیموں کی منظوری کا اعلان بھی کیا۔ قبل از یں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بشام میں کرکٹ گراﺅنڈ کی تعمیر کا افتتاح بھی کیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کا شانگلہ کے عوام پر بڑا احسان ہے۔ اور انہوں نے صرف پشاور بلکہ شانگلہ میں بھی کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے منظور کرکے یہاں کے عوام کی احساس محرومی کا خاتمہ کردیا ہے۔ انہوں نے عوام کا بھی بھرپور شکریہ اداکیا۔ جنہوں نے بھاری تعداد میں جلسہ میں شرکت کی۔





































