اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے بہت نیٹ پریکٹس کی لیکن انہیں میچ میں کھلایا نہیں گیا اور انہیں 12 واں کھلاڑی بنا دیا گیا تاکہ وہ باہر بیٹھ کر تالیاں بجاتے رہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ سنا ہے سعودی عرب میں منعقدہ کانفرنس میں پاکستانی وزیراعظم نوازشریف نے تقریر تیار کرنے میں 6 گھنٹے لگائے لیکن سعودی عرب میں کسی نے پاکستان کا نام نہیں لیا، نوازشریف کے ساتھ جیسا سلوک برتا گیا وہ شرمندگی کا باعث ہے، امریکی صدر ٹرمپ کو پاکستانی وزیراعظم سے ملنے کا خیال آیا اور ناہی قربانیاں دینے والے پاکستان کی یاد آئی جب کہ پاکستان نے امریکا کی جنگ کے لیے 100 ارب ڈالر کا نقصان اور 70 ہزار پاکستانیوں کی جان کی قربانی دی۔ ٹرمپ نے بھارت کی بات کی مگرکشمیر کا نام نہیں لیا جب کہ بھارت کشمیرمیں ریاستی دہشت گردی کررہا ہے۔ نواز شریف کو کشمیر میں بھارتی مظالم کی بات کرنا چاہیے تھی۔چیرمین پی ٹی آئی نےکا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایران اورسعودی عرب کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے ہمیں مسلمان دنیا کواکٹھا کرنا چاہیے ہمیں فریق نہیں بننا چاہیے دوسروں کی جنگوں میں شرکت پاکستان کے مفاد میں نہیں، ہم نہیں چاہتے کہ مسلمان دنیا میں انتشارکا شکارہوں، پاکستان کا کام آگ بجھانا ہونا چاہیے یہ سب باتیں نہیں کرنی تھیں تو نوازشریف کو سعودی عرب جانا ہی نہیں چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہہ دیا ہے کہ پاناما کیس کرمنل انویسٹی گیشن ہے جس شخص کے خلاف کرمنل انویسٹی گیشن ہو وہ ملک کا وزیراعظم ہے، جس طرح کی پاکستان کی خارجہ پالیسی ہے اس سے ملک کو نقصان ہورہا ہے نوازشریف کواسی پراستعفیٰ دے دینا چاہیے۔





































