ملتان (خصوصی رپورٹ) محکمہ سوئی گیس کا ایک اور کارنامہ‘ غریب محنت کش کے گھر میں ایک لاکھ سے زائد کا بل بھیج دیا۔ متاثرہ شہری کے مطابق زائد بل کی پریشانی اس کے والد کی اچانک موت کا بھی باعث بن گئی۔ ملتان میں محکمہ سوئی گیس نے ایک بار پھر غریب شہری پر بجلی گرا دی‘ چار مرلے کے گھر میں رہائش پذیر محمد آصف جو کہ مظفرآباد ملتان کے علاقے کا رہنے والا ہے کو سوئی گیس کا ایک لاکھ 6 ہزار 540 روپے کا بل بھیج دیا۔ بار بار بل کی درستگی کے لئے دفاتر کے چکر لگائے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ متاثرہ شہری نے الزام عائد کیا کہ محکمہ سوئی گیس کی جانب سے بھیجے گئے زائد بل کی پریشانی کے باعث اس کے والد کو دل کا دورہ پڑا جس سے وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔





































