ساہےوال (بیورو رپورٹ) وزیراعظم پاکستان محمدنوازشریف آج ساہیوال کے کول پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کاشام 4 بجے افتتاح کریں گے ان کے ہمراہ کابینہ کے وزراءکے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اورمقامی سیاسی قیادت ‘ممبران قومی وصوبائی اسمبلی بھی ہمراہ ہونگے۔ ڈویژنل انتظامیہ نے کول پاور پلانٹ پر تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں ۔ڈی پی او ساہیوال عاطف اکرام نے 1137پولیس افسران و ملازمان کو سکیورٹی پر مامور کیا ہے ۔افتتاحی تقریب کے لئے ایک ہزارافراد کو خصوصی کارڈ جاری کئے گئے ہیں جس میں سیاسی افراد کے علاوہ سرکاری وغیرسرکاری افسران بھی شامل ہیں جبکہ ابھی تک لوکل میڈیا سے متعلقہ صحافیوں کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔ کول پاورپلانٹ کے ایک یونٹ 660میگاواٹ نے بجلی کی پیداوار شروع کردی ہے اور 660میگاواٹ بجلی پیدا کرکے نیشنل گرڈاسلام آباد منتقل ہورہی ہے۔ دوسرایونٹ اگلے ماہ کام شروع کردے گا۔ تقریب کے حوالہ سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور کوئی بھی شخص اس علاقہ میں بغیردعوتی کارڈ داخل نہیں ہوگا۔ مذکورہ منصوبہ چین کی ایک کمپنی نے مکمل کیاہے جس پر 1600ملین ڈالر لاگت آئی ہے منصوبے کی تکمیل کےلئے 20فیصد اخراجات چینی کمپنی جبکہ 80فیصد اخراجات انڈسٹریل اورکمرشل بنک آف چائنہ نے ادا کئے ہیں۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ پروزیراعظم کے افتتاح سے دو گھنٹے پہلے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کول پاور پلانٹ پر پہنچےں گے۔ انکے ساتھ وفاقی وزراءسرکاری افسران اور تقریباً30 میڈیا کے نمائندگان ہونگے ۔وزیراعلی پنجاب وہاں پر ہونے والے انتظامات کا جائزہ لیں گے اور کبینٹ ڈویژن کے اجلاس کی صدرات بھی کرینگے۔ اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب پانچ رکنی وفد کے ہمراہ وزیراعظم کی آمد پر استقبال کرینگے۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں چین کے ہواننگ گروپ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہاہے کہ کوئلے سے چلنے والے 660 میگاواٹ کے ساہیوال بجلی گھر کے پہلے یونٹ کا افتتاح آج کیا جائے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف منصوبے کاافتتاح کریں گے۔ ۔وفد میں بجلی کے منصوبے پر کام کرنے والے چینی ٹیم کے ارکان بھی شامل تھے۔شہباز شریف نے مقررہ مدت سے پہلے منصوبے کی تکمیل پر چینی وفد کو مبارکباد دی۔چینی وفد نے وزیراعلی کو بتایا کہ کوئلے سے چلنے والے ساہیوال بجلی گھر کا دوسرا یونٹ بھی بہت جلد بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔