کراچی (خصوصی رپورٹ)وزیراعظم نے پنشنرز کے واجبات کی ادائیگی میں تاخیرکا نوٹس لینے پر کاغذات کی تکمیل اور این او سی کی پیشگی شرط ختم کردی گئی۔ ملازمین کو ریٹائر ہوتے ہی پنشن اور گریجوایٹی ادا کرنے کا حکم جاری کردیاگیا ہے۔ وفاقی فنانس ڈویژن نے چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے متعلقہ حکام کو اسلام آباد طلب کرکے پالیسی مرتب کرنے کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنشنرز کے بقایاجات کی ادائیگی کے محکموں میں باقاعدہ مافیا کام کرتا ہے جب تک ریٹائر ہونے والا شخص مجموعی رقم کا 5سے 10 فیصد ادا نہیں کرتا ، بقایاجات اعتراضات لگا کر کلیئر نہیں کئے جاتے بعض اوقات این او سی پر کلیئرنس لیتے لیتے ریٹائرڈ افراد زندگی کی بازی ہارجاتے ہیں اور زندگی بھر کی کمائی کسی کام نہیں آتی۔ ان حالات کے پیش نظر فنانس ڈیپارٹمنٹ نے ہدایت جاری کی ہے کہ ریٹائرڈ افراد کو کلیئرنس کے چکر میں الجھایا نہ جائے بلکہ سول سرونٹس ایکٹ 1973ءکے سیکشن 19/4 انڈرآرٹیکل 922اور 926 آف سول سروسز ریگویشن کے تحت بقایاجات کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ کاغذات کی تصدیق اور این او سی ضروری ہو تو بعد میں قانونی ضروریات پوری کی جائیں ان احکامات کا اطلاق ان ملازمین پر بھی ہوگا جو دوران سروس انتقال کر جاتے ہیں۔