لاہور (ویب ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب بھر میں واٹر اے ٹی ایم مشینیں نصب کرنے کا منصوبہ بنا لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق واٹر اے ٹی ایم مشینوں پر شہریوں کو معیاری پانی بالکل مفت مہیا کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف کالوراڈو امریکہ کے اشتراک سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں یہ مشینیں لگائی جائیں گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور امریکہ کی یونیورسٹی آف کولوراڈو باو¿لڈر کے اشتراک سے واٹر اے ٹی ایم مشینوں کے منصوبے پر کام کرے گی۔یہ منصوبہ 3 لاکھ 74 ہزار 599 امریکی ڈالرزمالیت کا ہو گا۔ مذکورہ منصوبہ پاکستان یونائیٹڈ اسٹیٹس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کوآپریشن کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ اس پراجیکٹ پر آئی ٹی یونیورسٹی کے ڈاکٹر توقیر توصیف اور مصطفیٰ نسیم مل کر کام کریں گے جبکہ منصوبے کی نگرانی امریکہ کی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کرے گا۔اس منصوبے سے متعلق انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا کہ ایک تحقیق کے مطابق واٹر فلٹریشن پلانٹ کی مانیٹرنگ میں مسائل کے باعث شہریوں کی جانب سے پینے کا صاف پانی نہ ملنے کی شکایات موصول ہوتی ہیں۔واٹر اے ٹی ایم مشینیں الیکڑانک سسٹم کے ذریعے سے کنٹرول کی جائیں گی۔ اس مشین کے ذریعے پانی کی کوالٹی کا بھی اندازہ لگایا جاسکے گا۔ مزید برآں جدید سسٹم کے تحت اس مشین کی خرابی کو بھی آن لائن مانیٹر کیا جا سکے گا۔اس رپورٹ کے مطابق پاکستان کو اس وقت شدید پانی کی قلت کا سامنا ہے اور زیر زمین پانی کی سطح ایک ہزار کیوبک میٹر گہرائی تک پہنچ چکی ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔