لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے ہسپتالوں کو بہتر کرنے میں ناکامی کے بعد بین الاقوامی ادارے کے ذریعے اپ گریڈیشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یورپ اور شمالی امریکہ کی کمپنیوں کو پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہسپتالوں کو چلانے کی دعوت دی جائے گی۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کو حکومت کی جانب سے اس ٹاسک پر پیپرورک مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت جو کہ ہسپتالوں کے نان کلینکل سائیڈ کو پرائیویٹ کمپنیوں کے حوالے کر رہی ہے ان میں زیادہ تر تعداد محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ماتحت ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت صحت کے شعبے کی بہتری کے حوالے سے ایک اجلاس ہوا۔ اجلاس میں دونوں صحت کے وزرائ‘ سیکرٹریز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحت کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام شروع کرنے کیلئے یورپین یونین اور شمالی امریکہ کی کمپنیوں کو دعوت دی جائے گی۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ اس حوالے سے پیپر ورک تیار کریں گے اور یورپین یونین اور شمالی امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیروں کے ساتھ مل کر بین الاقوامی اخبارات میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے اشتہارات دیئے جائیں گے۔
