اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں سابق لیگی رہنما نہال ہاشمی پر فرد جرم عائد کر دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس اعجا ز افضل کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے نہال ہاشمی کیخلاف اشتعال انگیز تقریرکیس کی سماعت کی۔ عدالت نے نہال ہاشمی کی جانب سے جواب کیلئے مزید وقت دینے کی استدعا مسترد کر تے ہوئے فرد جرم عائد کر دی اور کیس کی مزید سماعت 24جولائی تک ملتوی کردی۔
سماعت کے دوران نہال ہاشمی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ شیطان کو بھی وارننگ دی گئی تھی جس پربینچ کے سربراہ جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیے کہ ہم صبر اور تحمل کیساتھ سماعت کرتے ہیں اور قانون کے مطابق فیصلے کرتے ہیں ، آپکو جواب کا موقع دیا جائے گا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ آپ کو جیل نہیں بھیج رہے صرف فرد جرم عائد کی ہے۔
بینچ کے سربراہ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ ابھی صرف کارروائی کا آغا ز کر رہے ہیں ایکشن نہیں لے رہے ، آپ سمندر میں اتریں گے تو ہی تریں گے۔ہم صبر اور تحمل کیساتھ سماعت کرتے ہیں اور قانون کے مطابق فیصلے کرتے ہیں ، آپکو جواب کا موقع دیا جائے گا۔
