تازہ تر ین

کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے ، سی پیک ہر صورت کامیاب بنائیں گے

راولپنڈی (آئی این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل جاوید قمر باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کے حوالے سے ہمارے عزم پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے، پاک فوج منصوبے کوفو ل پروف سیکیورٹی فراہم کرے گی اور انشاءاللہ سی پیک کو ہرصورت کامیاب بنائیں گے، سی پیک خطے میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لائے گا، سی پیک کےلئے خطے میں امن و امان ضروری ہے، تجارت اور سرمایہ کاری کےلئے قواعد و ضوابط بہتر بنانا ہو ں گے،سی پیک پاکستان مغربی چین اور خطے کےلئے گیم چینجرہے، چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ترقی آئے گی، سی پیک کی کامیابی کےلئے تمام قومی اداروں کو بھرپور تعاون کرنا پڑے گا، اس کےلئے قیادت، اجتماعی جذبہ اور بڑے پیمانے اور بڑی سطح پر اعتماد سازی کی ضرورت ہے ، چین کا ون بیلٹ ون روڈ وژن پوری دنیا کےلئے ہے،2030 تک اقتصادی شراکت داری کا کامیاب حصول میرا خواب ہے،پاکستان اور چین آئرن برادر ہیں ، پاک چین تعلقات پر امن بقائے باہمی کے اصول، مشترکہ مفادات اور عالمی و علاقائی امور پر یکساں موقف پر مبنی ہیں۔ وہ بدھ کو یہاں این ایل سی اور دیگر کی جانب سے سی پیک پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقا ت عامہ کے مطابق اس دوران انہوں نے کہا کہ سی پیک لاجسٹکس اس کے مواقع، چیلنجز اور آگے بڑھنے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر کے خوشی ہو رہی ہے، سی پیک کو کامیاب حقیقت میں بدلنے کی حکمت عملیوں کےلئے دور رس ثابت ہوں گی اور یہ ہمارے لئے بھی انتہائی اہم ہوں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں چین کے ساتھ اپنے بہتر تعلقات پر فخر ہے جو ہمیشہ ہر گھڑی اور ہر آزمائش پر پورے اترے اور اب بھی یہ زندگی کے ہر شعبہ کا احاطہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی برادرانہ شراکت داری ریاست سے ریاست، فوج سے فوج، کاروبار سے کاروبار اور عوام سے عوام تک کے رابطوں میں نظر آتی ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ چین کے صدر شی چن پنگ کا ون بیلٹ ون روڈ کے عظیم وژن نے خطے کے ممالک کےلئے مواقعے کی نئی دنیا کھولی ہے، سی پیک ون بیلٹ ون روڈ کا ایک اہم منصوبہ ہونے کے ناطے پاکستان، مغربی چین اور خطے کےلئے بہتر معیشتوں کا عہد کرتا ہے، اس لئے ہم اسے گیم چینجر تصور کرتے ہیں۔ جنرل جاوید قمر باجوہ نے کہا کہ سی پیک ایک پرامن اور خوشحال خطے کی ہماری کوششوں کا واضح ثبوت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساﺅتھ ایشیاءمیں بعض ممالک سے ہٹ کر ہم اپنی تمام تر توانائیاں امن اور شمولیت پر مرتکز کئے ہوئے ہیں نا کہ ہم تقسیمی مسابقت میں پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام قومی اداروں کو سی پیک کی کامیابی یقینی بنانے کےلئے کوششیں کرنا ہوں گی، ہمیں موجودہ قوانین اور قواعد و ضوابط کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تا کہ تجارتی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو سہولیاتی فریم ورک مہیا کیا جا سکے، ہمیں انفراسٹرکچر اور شہری منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سی پیک ایک طرف علاقائی معیشتوں کے درمیان اقتصادی ربط میں اضافہ کرے گا اور پاکستان کے کئی علاقوں میں ترقی کے خلاءکو کم کرے گا، اس لئے ہمیں تجارتی راہداریوں کو صنعتی اور شہری ترقی کی مدد سے ایک جامع ترقیاتی فریم ورک کے تحت اقتصادی راہداریوں میں بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سطحی لائن یہ ہے کہ ہم نے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستانی عوام خوشحالی کے ثمر سے محظوظ ہونے کےلئے سی پیک سے مکمل فائدہ اٹھائیں، اس کےلئے قیادت، اجتماعی جذبہ اور بڑے پیمانے اور بڑی سطح پر اعتماد سازی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فوج اس منصوبے کےلئے مکمل سیکیورٹی مہیا کرے گی جبکہ ملک کے دوسرے قومی اداروں کو آگے بڑھنا اور اس سلسلے میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔ سیکیورٹی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آج کا پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ہے، فاٹا اور اس کے ملحقہ علاقوں میں امن بحال کر دیا گیا ہے، پاکستان کے معاشی مرکز کراچی میں صورتحال معمول پر آ رہی ہے جہاں کاروباری برادری اور عام آدمی نے اس سے فائدہ اٹھانا شروع کر دیا ہے، اسی طرح بلوچستان میں نمایاں طور پر امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور وہاں بڑے پیمانے پر صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے، قوم کو مکمل حمایت کے ساتھ ہم ثابت قدمی اور یقینی پیش رفت کے ساتھ پاکستان کو دہشت گردی اور انتہاءپسندی سے پاک ملک بنا رہے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ میں حاضرین کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ فوج اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں متحرک ہیں اور سی پیک کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہیں، کسی کو منصوبے کے حوالے سے ہمارے عزم پر شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے،کوئی بھی رکاوٹ آئے لیکن ہم سی پیک کو انشاءاللہ ہر صورت کامیاب بنائیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ چینی بھائی سی پیک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ہماری معاونت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 20کروڑ آبادی رکھنے والا ملک ہے،جس میں بڑے تناسب سے متحرک، قابل اور پرجوش نوجوان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو آنے والے سالوں میں اقتصادی طاقت بنانے کےلئے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا،میں چاہتا ہوں کہ ہمارے کاروباری افراد چینی بھائیوں کے ہاتھوں میں ہاتھ دیں اور اس خواب کو حقیقت میں بدل دیں، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فرانس کی سفیر مارٹن ڈورنس نے ملاقات کی،جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور فرانس کی سفیر مارٹن ڈورنس کے درمیان ملاقات ہوئی۔ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain