لاہور( این این آئی ) برطانوی کرائم ایجنسی کی جانب سے عمر اکمل کا نام پی ایس ایل مبینہ اسپاٹ فکسنگ میں لینے پر اکمل برادران نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایجنسی کو لیگل نوٹس بھیجنے کےلئے وکلا ءسے مشاورت شروع کردی۔ برطانوی کرائم ایجنسی کے نمائندے اینڈریو اپگریو نے مبینہ طور پر عمر اکمل اور فاسٹ باﺅلر محمد سمیع کا بھی نام لیا ہے۔ اینڈریو کے مطابق بکیز کا رابطہ ان دونوں کھلاڑیوں سے بھی رہا ہے۔ اکمل برادران نے اسپاٹ فکسنگ میں نام لینے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور ایجنسی کو لیگل نوٹس بھیجنے پر غور شروع کردیا ہے اور اس کے لئے وکلا ءسے مشاورت بھی شروع کردی گئی ہے۔ کامران اکمل نے کہا ہے کہ وہ اور ان کے بھائی ہمیشہ ملک کے لئے کھیلتے ہیں۔ ملک کو بدنام کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ ان کے علاوہ عمر اکمل، عدنان اکمل اور کزن بابراعظم نے کبھی بھی کوئی غلط کام کیا ہے تو انہیں چوراہے پر ٹانگ دیا جائے لیکن بے بنیاد باتوں اور کردار کشی سے گریز کیا جائے۔کامران اکمل کا کہنا تھا کہ عمر اکمل گھٹنے کے علاج کے لئے برطانیہ میں موجود ہیں، انہیں اور ان کے بھائیوں کو بدنام کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔





































