اسلام آباد (آن لائن)سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی نا اہلی کے بعد شہباز شریف کو نیا وزیراعظم نامزد کر دیا آج(ہفتہ کو ) پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلے کی توثیق اور 45دن کے لئے عبوری وزیراعظم کا فیصلہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے رانا ثناءاللہ اور حمزہ شہباز کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے پانامہ کیس میں وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی کے بعد نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا اجلاس میں نواز شریف نے اپنے چھوٹے بھائی اور وزیراعلٰٰی پنجاب میاں شہباز شریف کو نئے وزیر اعظم کے طور پر نامزد کیا اور کہا کہ میری خالی ہونے والی نشست پر انہیں انتخابات لڑا کر وزیراعظم بنایا جائے مسلم لیگ (ن) کے رہنما¶ں نے وزیراعظم کی تجویز پر اتفاق کیا جبکہ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج بروز ہفتہ اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔ پارلیمانی اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرے گی۔ اجلاس میں نئے وزیراعظم کے نام کی توثیق بھی کی جائے گی اور45دن کے لئے عبوری وزیراعظم کے لئے سپیکر ایاز صادق، احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی کے نام زیر غور ہیں جبکہ ویر اعلیٰ پنجاب کے لئے حمزہ شہباز اور رانا ثناءاللہ کے نام سامنے آ رہے ہیں واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان نے بھی چند روز قبل شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی تجویز دی تھی اور مسلم لیگ (ن) کے اتحاد کے لئے بھی ضروری ہے کہ نیا وزیراعظم شریف خاندان سے ہی ہو۔
