لاہور (کرائم رپورٹر) رائیونڈ سٹی کے علاقے میں آج صبح سسرالیوں نے سات ماہ کی حاملہ بہو کو ڈنڈے سوٹوں سے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد کرنٹ لگا کر ہلاک کر دیا، پولیس نے لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال جمع کروادیا۔ جبکہ لاری اڈا کے علاقے میں 35 سالہ نوجوان مبینہ طورپر نشہ آور چیز کھانے سے جاں بحق ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ رائیونڈ سٹی کے علاقے جیابگا کے رہائشی اختر نامی شخص کی زرینہ بی بی سے ہوئی جس کے بعد دونوں میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا رہنے لگا۔ رات گئے بھی زرینہ بی بی کا سسرالیوں کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوا جس پر اس کے خاوند نے اپنے بھائیوں اور ماں کے ہمراہ اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت کے باعث طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ آج صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ زرینہ کی ہلاکت کے بعد اس کے سسرالی ہسپتال سے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق متوفیہ سات ماہ کی حاملہ تھی جبکہ لاری اڈا کے علاقے میں 35 سالہ ایوب مبینہ طور پر نشہ آور چیز کھانے سے ہلاک ہوگیا پولیس کے مطابق متوفی کے ورثاءکی تلاش جاری ہے۔