لاہور(اپنے نمائندے سے) پاکستان حکمران جماعت مسلم لیگ ن ، اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف ، کراچی اور حیدرآباد کی نمائندہ جماعت ایم کیو ایم (متحدہ قومی موومنٹ) کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی میں بھی گروپ بندی کی خبریں سامنے آرہی ہیں، باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے کوچیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری اور موجودہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مابین اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں، جس کی بنیاد پر وہ آج کسی وقت کوچیئرمین آصف زرداری سے ملنے دبئی جارہے ہیں، پیپلزپارٹی کے انتہائی اہم ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جو کہ وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھانے سے قبل سندھ میں محکمہ خزانہ کے نگران تھے، وہ اس وقت بھی وزارت خزانہ سندھ کے قلمدان سنبھالے ہوئے ہیں، بطور وزیراعلیٰ سندھ ان کے پاس وزارت خزانہ کا اضافی چارج بھی موجود ہے، حال ہی میںمحکمہ خزانہ سندھ کے ذریعے کی جانیوالی اور روکے جانے والی کچھ ادائیگیوں پر سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین آصف زرداری انتہائی ناراض ہیں، یاد رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو سابق صدر آصف علی زرداری جبکہ موجودہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حمایت حاصل ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مراد علی شاہ آج کسی وقت بھی دبئی میں مقیم آصف علی زرداری سے ملاقات کرنے روانہ ہونگے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ اس ملاقات کے بعد کوچیئرمین وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے محکمہ خزانہ کا اضافہ چارج واپس لے کر کسی اور کے سپرد کردیں گے، پیپلزپارٹی کے انتہائی باخبر ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ آج کسی بھی وقت وزیراعلیٰ سندھ کی آصف علی زرداری سے ملاقات ہوجائیگی اور اس سلسلہ میں ان کو دبئی بلوایاگیاہے، اور اس وقت تک محکمہ خذانہ کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ پچھلے چھ ماہ میں محکمے سے کی جانیوالی تمام ادائیگیوں کا ریکارڈ اس میٹنگ میں بھیجا جائے۔
