راولپنڈی(آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم اپنی سرحدوں کے امین ہیں ،دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے کسی اقدام سے گریز نہیں کریں گے ۔آئی ایس پی آر کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایبٹ آباد میں 2روزہ خصوصی بلوچ رجمنٹ کانفرنس شروع ہوگئی ہے، کانفرنس کے پہلے روز آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور کمانڈر 10 کور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا سمیت سابق آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی سمیت کئی ریٹائرجرنیلوں نے شرکت کی۔آرمی چیف نے یادگار شہداءپر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کرنل انچیف کے رینک لگائے گئے۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی سرحدوں کے امین ہیں اور دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ملکی دفاع میں بلوچ رجمنٹ کے اہم کردار پر فخر ہے جبکہ بلوچ رجمنٹ کی قربانیاں قابل قدر ہیں، پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو کبھی نہیں بھولے گی جبکہ دہشت گردی کے خاتمہ اورسرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔پاک فوج کے جوانوں نے ملکی دفاع اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں جو قابل تحسین ہیں ،شہداءکی قربانیوں کو اپنا مشعل راہ بنا کر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔ کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹینٹ جنرل ندیم رضا بلوچ رجمنٹ کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران بشمول سابق آرمی چیفس جنرل اسلم بیگ جنرل اشفاق پرویز کیانی، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آفس سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید اور جنرل راشد محمود وائیں بھی اس موقع پر موجود تھے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان سفیر عمر زخیل وال نے ملاقات کی، دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے امور، سکیورٹی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کے روز پاک فوج کے تعلقات عامہ کے سربراہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں متعین افغان سفیر عمر زخیل وال نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی، سکیورٹی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف نے افغان سفیر سے افغانستان میں ہونے والی حالیہ دہشتگردی میں ہونے والے انسانی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔