نئی دہلی (نیٹ نیوز) گاﺅں کا نام سنتے ہی سب کے ذہن میں کچے مکانات اور کوڑا کرکٹ کا خیال آتا ہے لیکن بھارت کا ایک گاﺅں ایسا بھی ہے جسے ایشیا کا سب سے صاف ستھرا گاﺅں کہا جاتا ہے۔ بھارت کے اکثر دیہات گندگی اور بدبو سے بھرپور جبکہ بیشتر گاں ٹوائلٹ کی سہولت سے بھی محروم ہیں لیکن بھارت میں مولیننوگ گاﺅں ایسا ہے جو صفائی کی اعلیٰ مثال ہے ۔ مولیننوگ گاﺅں میں بچہ بڑا ہر کوئی صفائی کا خاص خیال رکھتا ہے اور وہاں کوڑا کرکٹ تو دور بدبو کا بھی تصور نہیں۔ بھارتی میگزین نے مولیننوگ کو سب سے پہلے 2003 ءمیں ایشیا کا صاف گاﺅں قرار دیا۔130 سال قبل مولیننوگ گاﺅں میں کولیرا کا مرض پھیل گیا تھا جس کے بعد وہاں کے مکینوں نے صفائی پر زور دیا اور اس مرض سے بچنے کے لئے آہستہ آہستہ صفائی ستھرائی گاﺅں کی روایت بن گئی۔ مولیننگ گاں کے لوگ کوڑے کو مخصوص مقام پر لگائے گئے کچرا دانوں میں ڈالتے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کے علاوہ گاﺅں کو خوبصورت بنانے کے لئے پودے لگانے کا بھی خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔ روزانہ صبح شام گاﺅں کی ہرگلی، باغات، رہائشی مقامات کی صفائی کی جاتی ہے ۔ اگر سیاح گاﺅں میں ذرا سا بھی کچرا پھینک دیتے ہیں تو اس کی فوری طور پر صفا ئی کی جاتی ہے ۔ بارش یا آندھی کی وجہ سے گندگی ہو جائے تو اس کے لئے بھی خصوصی طور پر اقدامات کئے گئے ہیں۔ نکاسی آب کے لئے گزرگاہوں کے قریب نالیاں بنائی گئی ہیں جن کے ذریعے پانی گاﺅں سے دور جاتا ہے ۔مولیننوگ گاﺅں بھارت کا وہ واحد گاﺅں ہے جہاں مختلف مقامات پر بیت الخلاء موجود ہیں۔ گاﺅں میں سگریٹ نوشی اور پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر سختی سے پاپندی ہے لیکن اگر کوئی سیاح پلاسٹک کی تھیلی کا استعمال کرتا ہے تو اس کو فوراً کوڑا دان میں ڈال دیا جاتا ہے۔