کراچی(ویب ڈیسک)کراچی میں آئی ایس او کی ‘امریکہ مردہ باد ریلی’، نمائش چورنگی میدان جنگ بن گئی، پولیس کی جانب سے مظاہرین کو روکنے کے لئے شدید فائرنگ اور شیلنگ، مظاہرین نے دھرنا دے دیا۔شہر قائد میں امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تحت امریکہ مردہ باد ریلی نکالی گئی۔ ریلی نمائش چورنگی پر ایم اے جناح روڈ سے امریکن قونصلیٹ تک نکالی جا رہی تھی۔ تاہم، پولیس نے امریکی قونصلیٹ سے 10 کلومیٹر دور نمائش چورنگی پر ہی راستے بند کر دیئے۔ مظاہرین نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے آئی ایس او کی ریلی پر لاٹھی چارج اور شیلنگ شروع کر دی جس کے بعد مظاہرین گلی محلوں میں پھیل گئے اور ہر طرف افراتفری کا عالم پیدا ہو گیا۔ سارا علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔ پولیس کے ظالمانہ اقدام کے بعد مظاہرین طیش میں آگئے اور وہ آگے بڑھنے پر مصر ہو گئے جس کے بعد مظاہرین اور پولیس میں جھڑپوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا۔ پولیس نے نہتے مظاہرین پر وحشیانہ تشدد شروع کر دیا گیا اور متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا جبکہ کئی مظاہرین زخمی بھی ہو گئے۔ بعد ازاں مظاہرین نے نمائش چورنگی پر احتجاجاً دھرنا دے دیا تاہم ریلی کے قائدین اور پولیس حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد شرکاءنے احتجاج ختم کر دیا۔
