لاہور (کرائم رپورٹر) اچھرہ کے علاقہ میںایک ا ورکمسن گھریلو ملازمہ امرا ءکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بن گئی ،4ہزار روپے ماہوار پر اہل خانہ کا پیٹ پالنے والی بچی کو بیلٹوںکے ساتھ تشدد کیا گیا ، سرکے بال بھی مونڈ دیے ،گھر کا مالک گرفتار ،ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ، چوری کرنے پر بچی پر تشدد کیا، ملزم کا بیان،پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے بچی کوچائلڈپروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیا۔تھانہ اچھرہ کی پولیس نے اپنی ہی مدعیت میں درج کی جانے والی ایف آئی آر میں بتایا ہے کہ اچھرہ کے علاقہ احاطہ مولچند میں واقع چوہدری جنرل سٹور کے قریب یوسی کے جنرل کونسلر شہزاد احمد نے پولیس گاڑی جو کہ گشت پر تھی کو روک کر تقریباً10سالہ بچی کو پولیس کے سامنے پیش کر تے ہوئے بتایا کہ یہ بچی آج صبح سے ہی اِدھر اُدھر گلیوں میں ہی گھوم رہی ہے جس پر پولیس نے جب بچی سے اسکا نام دریافت کیا تو اس نے بتایا کہ اسکا نام سعدیہ ہے اور وہ فیصل آباد کی رہائشی ہے ۔ بچی نے پولیس کو مزید بتایا کہ میرے والدین سردیوں میں مجھے احسن بٹ سکنہ D/33شاہ جمال کے پاس کام پر رکھوایا تھا اورہر ماہ آکر تنخواہ لے جاتے ہیں ۔ کل رات کو میرے مالک احسن بٹ اور اسکی بیوی نور نے مجھے بیلٹ سے مارا تھا میں آج صبح موقع پاکر گھر سے نکل آئی ہوں میں اب دوبارہ ان کے گھر نہیں جاﺅنگی ۔ پولیس کے مطابق بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود تھے جس پر بچی کاجب ملاحظہ کروایا گیا تو ڈاکٹروں نے MLCنمبر 311/17جار ی کر تے ہوئے ٹوٹل 7ضربات لکھی ہیں۔ ملاحظہ میں بچی پر تشدد ثابت ہونے کے بعد اچھرہ پولیس نے احسن بٹ اور اسکی اہلیہ نور بی بی پر نابالغ بچی کو اپنے پاس ملازم رکھنے اور اس پر تشدد کر نے پر ان کے خلاف مقدمہ نمبر 888/17درج کرکے ملزم احسن بٹ کو گرفتارکر لیا گیا ہے جس نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ بچی نے گھر میں چوری کی تھی جس وجہ سے اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔پولیس نے ضروری کاروائی کے بعد بچی کوچائلڈپروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیاہے جو بچی کو اپنے ہمراہ چائلڈ بیورولے گئے ہیں۔
