اسلام آباد (ویب ڈیسک)الیکشن کمیشن نے عمران خان، طاہر القادری اور شیخ رشید کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست ، درخواست گزار کے پیش نہ ہونے پر خارج کردی۔تفصیلات کے مطابق شاہ جہان خان نامی شخص کی طرف سے الیکشن کمیشن میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی نا اہلی کیلئے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار نے الزام عائد کیا تھا کہ 2002 کے انتخابات میں تینوں نے حقائق چھپائے اس لیے انہیں نا اہل قرار دیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے یہ درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے آج (پیر کو) اس کی ابتدائی سماعت کی تو درخواست گزار شاہ جہان خان الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے یہ درخواست خارج کردی۔
