ڈاکٹر نوشین عمران
چہرے پر دانے نکلنا عموماً نوجوانوں کا مسئلہ رہتا ہے۔ ان دانوں کو ایکنی ولگیرس کہا جاتا ہے۔ جلد کی تہوں میں موجود غدود بند ہو جائیں تو جلد کے اوپر دانے بن جاتے ہیں۔ ایکنی کے ساتھ دانے کے گرد سوزش بھی ہو جاتی ہے۔ اکثر دانوں میں پیپ بھر جاتی ہے اور درد بھی رہتا ہے۔ ایکنی کا مسئلہ عام طور پر بارہ سال کی عمر سے شروع ہوتا ہے۔ دانوں کی زیادہ تعداد چہرے اور گردن پر ہوتی ہے لیکن ایسا بھی ہوتا ہے کہ ایکنی چہرے پر کم اور کمر پر زیادہ ہو جائے۔ ایکنی کے دانوں کا سائز چھوٹا بڑا ہو سکتا ہے۔یہ دانے بہت معمولی سازدھبا، کیل، پھنسی، مہاسے، آبلہ، چھالہ اور بعض دفعہ گلٹی کے برابر بھی ہو سکتے ہیں۔ اگر غدود کے مادے میں بیکٹیریا جمع ہو جائے تو دانا بہت بڑا، پیپ سے بھرا اور اردگرد جلد سرخ ہو جاتی ہے۔ اکثر نوجوانوں کو بلوغت کے ابتدا میں ہارمون کی تبدیلی کے باعث بھی ایکنی ہو جاتی ہے جو کافی سال رہتی ہے۔
خواتین میں بہت زیادہ ایکنی کے ساتھ وزن بڑھنے لگے تو یہ پولی سسٹک اووری کی نشانی ہے۔ اس کے لئے انہیں الٹرا ساﺅنڈ کروا کر چیک کروانا چاہیے۔ صرف جلد پر کریم لگانے سے ایکنی دور نہیں ہوگییا ایسی خواتین کو خون میں مکمل ٹیسٹ کے ساتھ ”ٹیسٹوسٹیرون“لیول بھی چیک کرواناچاہئے۔ وٹا منA کی کمی سے بھی نہ صرف چہرے بلکہ گردن ‘ کمر اوربازو پربھی ایکنی ہوجاتی ہے۔
اگر ایکنی صرف جلد کا مسئلہ ہو اور اس کا باعث ہارمون کی خرابی یا کسی اندرونی نظام کی خرابی نہ ہو تو پھر جلد کا علاج ہی کیا جاتا ہے اوراگر اس کی وجہ ہارمون کی کمی بیشی ہوتو ان ہارمونز کالینا ضروری ہوتا ہے لیکن یہ فیصلہ مکمل تشخیص کے بعد ہی کیا جاتاہے۔علاج کےلئے بین زائل پر آکسی ڈیزBenzyol Peroxidase والی کریم جلد پر روزانہ لگائیں۔ اس کے ساتھ Tretenoin, Retenoid کے اجزا والی کریم بھی دستیاب ہیں۔وٹامنA کی کریم اورایزی لک ایسڈ کریم بھی دستیاب ہے۔ چند کریم دویاتین ادویات کامکسچر ہوتی ہیں۔ انہیں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہیں روزانہ صبح شام دو سے تین ماہ لگائیں۔ اگر ایکنی سرخی مائل یا اس کے گرد جلد سرخی مائل ہو جائے تو یہ بیکٹیریا کی انفیکشن ہے۔ اس کے لئے اینٹی بائیوٹک کریم لگائیں جیسا کہ ایری تھرو سین یا ٹیٹرا سائیکلین یا کلنڈا مائسین، دونوں طرح کی کریم کو اکٹھا ملا کر مکس کر کے بھی لگا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ روزانہ ایک ماہ تک وٹامن اے اور وٹامن سی کی گولی ضرور لیں۔جلد کی صفائی کے لئے اینٹی ایکنسی سوپ یا فیس واش ضرور استعمال کریں۔غذا میں پھل ‘سبزی اورپانی زیادہ لیں۔ گوشت‘ چینی‘ چاکلیٹ ‘چائے‘ کولڈ ڈرنک کم کردیں۔
٭٭٭