سنگاپور(یو این پی) سنگاپور میں ایشین فائٹنگ چیمپئین شپ کے افتتاحی میچ کے دوران 32 سالہ باڈی بلڈر اور باکسر پردیپ سبرامینین فائٹ کے بعد زخمی ہوکر جاں بحق ہوگیا ۔ باکسر کو فائٹ کے دوران زخمی ہونے پر میچ روک دیا گیاوہ رنگ میں گر بھی گیا تھا جس کے بعد اس کو فورا ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن پردیپ جان کی بازی ہارگیا۔باکسنگ چیمپیئن شپ کے عہدیداران کے مطابق پہلے راونڈ میں پردیپ جیت رہا تھا لیکن دوسرے راونڈ میں پردیپ کو حریف باکسر کی جانب سے کافی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔اس دوران باکسر کی ناک سے خون بھی بہنے لگا جس پر ریفری نے میچ روک دیا اور دیگر میچ ریفری سے مشورے کے بعد پردیپ کے حریف کو جتوا دیا گیا۔پردیپ کا نام باکسنگ کے مقابلے میں شامل نہیں تھا لیکن اچانک دوسرے باکسر نے 2 دن قبل فائٹ سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تو پردیپ کو باکسنگ مقابلے میں شامل ہونا پڑا۔ہسپتال کی جانب سے جاری میڈیکل رپورٹ کے مطابق کے پردیپ کے دل نے کام کرنا بند کردیا تھا جو اس کی ہلاکت کی وجہ بنا تاہم پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔ دوسری جانب پردیپ سبرا مینین کے حریف سٹیون نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں نڈر کھلاڑی قرار دیا۔