لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے میں بھاری تنخواہوں پر بھرتیوں کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے ممبر لیگل پی آئی اے ناصر میر کی درخواست پر بطور اعتراض کیس سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پی آئی اے کے بڑے عہدوں پر خلاف ضابطہ اور میرٹ ک ونظرانداز کرکے بھرتیاں کی گئیں، چیف کمرشل آفیسر بلال شیخ کو کنٹریکٹ پر 20 لاکھ تنخواہ جبکہ مستقل افسر کو محض دو لاکھ روپے تنخواہ فراہم کی جا رہی ہے، پی آئی اے کے ہیومن ریسورس کا شعبہ موجود ہونے کے باوجود راحیل کو کنٹریکٹ پر پندرہ لاکھ تنخواہ دی جا رہی ہے، ڈائریکٹر ویجی لینس کی اسامی تخلیق کرکے دس لاکھ تنخواہ پر کنٹریکٹ بھرتی کی گئی، لیگل ڈیپارٹمنٹ کی موجودگی کے باوجود کنٹریکٹ پر پندرہ لاکھ تنخواہ پر ایڈوائزر رکھا گیا ہے، انہوں نے استدعا کی کہ بھاری تنخواہوں پر خلاف قانون بھرتیاں کالعدم قرار دی جائیں۔