اسلام آباد(ویب ڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو نہیں ہونا چاہئے، عمران خان کا اعلان، کہتے ہیں نیب کا چیئرمین اپوزیشن لیڈر اور حکومت نے مل کر بنانا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ نیب کا مضبوط چیئرمین لگایا جائے، الیکشن کمیشن پر بھی ہمیں اعتماد نہیں، حکومت متنازعہ بل منظور کرا کے جمہوریت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے شہر اقتدار میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لئے گئے، نواز شریف اور اسحاق ڈار نے ملک کو صرف اشتہاروں میں ترقی دی، ملک کی ایکسپورٹ کم ہو رہی ہیں، انڈسٹری تباہ اور کسان کا برا حال ہے، ملک میں سرمایہ کاری نہیں آ رہی، مشرف اور پیپلز پارٹی کے ادوار سے بھی کم سرمایہ کاری آ رہی ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ملک کے قرض اتارنے کیلئے بھی قرض لئے جا رہے ہیں، ٹرمپ نے پاکستان کے خلاف تقریر کی، کیا وزیر خارجہ کو نہیں پتہ تھا کہ ٹرمپ پاکستان کیخلاف بات کرے گا؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کو پانامہ کی فکر تھی، ملک کی نہیں، ٹیکسوں کے باعث انڈسٹری تباہ ہو رہی ہے، ان کی پالیسیوں سے امیر اور غریب میں فاصلے بڑھ رہے ہیں۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے نئے الیکشن کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکمران جماعت کو نیا مینڈیٹ لینا چاہئے، پاکستان میں تازہ مینڈیٹ کیلئے بہترین وقت ہے۔ عمران خان نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، کہتے ہیں شاہد خاقان کے ذریعے شریف خاندان کو پروٹیکٹ کرایا جائے گا۔
