لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہوریوں کیلئے بڑی خوشخبری‘ اورنج لائن ٹرین کی کھیپ کا پہلا ٹرین سیٹ رولنگ سٹاک ون لاہور پہنچ گیا۔ 3بوگیوں اور 2انجن پر مشتمل ٹرین سیٹ کو ڈیرہ گجراں میں واقع ڈپو میں پارک کر دیا گیا۔ ٹرین سیٹ میں ایک ہزار مسافروں کے سفر کی گنجائش موجود ہے۔ ٹرین کا پہلا سیٹ 7روز کی مسافت کے بعد پورٹ قاسم کراچی سے لاہور پہنچا۔ سیٹ کو 5ہیوی ویٹ ٹرالرز پر ڈپو تک پہنچایا گیا۔ ٹرین سیٹ کو 2ہیوی کرینز کے ذریعے آف لوڈ کر کے ٹریک پر شفٹ کیا گیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن نے کہا کہ ایک ٹرین سیٹ میں ایک ہزار مسافروں کے سفر کی گنجائش ہے۔ نومبر کے آغاز میں 4ٹرین سیٹ پر مشتمل دوسرا بیچ بھی لاہور پہنچ جائے گا۔ اورنج لائن ٹرین کے شپمنٹ پلان کے مطابق 4ٹرین پر مشتمل سیٹ نومبر کے پہلے ہفتے‘ 6ٹرینوں پر مشتمل سیٹ 15دسمبر‘ 6ٹرینوں پر مشتمل سیٹ 15جنوری اور 6ہی سیٹوں پر مشتمل سیٹ 15فروری جبکہ 4ٹرینوں پر مشتمل آخری سیٹ 15مارچ کو لاہور پہنچے گا۔ اسی ترتیب سے اورنج لائن ٹرین کے 27ٹرین سیٹ مارچ تک لاہور پہنچ جائیں گے۔ ٹرین کی ایک بوگی میں 6دروازے ہیں‘ 4سیٹیں دائیں اور 4بائیں جانب ہیں۔ ٹرین میں معذور افراد کیلئے الگ جگہ رکھی گئی ہے۔ ٹرین سیٹ کے دونوں انجن میں 3‘3سیٹیں جبکہ ڈرائیورز کیلئے الگ سے کیبن بھی بنایا گیا ہے۔ ٹرین سیٹ کی مجموعی لمبائی 100میٹر ہو گی جبکہ بوگی کی لمبائی 60فٹ ہے۔ بوگیاں اندر سے کشادہ ہیں جبکہ ٹرین کے انجن کے فرنٹ حصہ پر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا مونوگرام بھی موجود ہے۔ ڈیرہ گجراں میں پارک کئے گئے ٹرین سیٹ کی آمد پر تقریب 7اکتوبر کو ہوگی۔






































