لاہور (خصوصی رپورٹ) میوہسپتال کا مردہ خانہ نامعلوم لاشوں سے بھر گیا‘ جس کے نتیجے میں مردہ خانہ میں تعفن پھیل گیا۔ انتظامیہ کے مطابق پولیس اہلکار چند روز میں 8سالہ بچی اور ایک عورت سمیت 21نامعلوم لاشیں جمع کروا کر بھول گئے اور ان میں سے ایک کی بھی شناخت نہ کروا سکے ہیں۔ جن تھانوں کی جانب سے نامعلوم لاشیں جمع کروائی گئیں ان میں تھانہ داتا دربار‘ ٹبی سٹی‘ لٹن روڈ‘ شادباغ‘ بھاٹی گیٹ‘ انارکلی‘ شیراکوٹ‘ یکی گیٹ اور اسلام پورہ شامل ہیں۔ کئی لاشیں پرانی ہونے کی وجہ سے گل سڑ رہی ہیں اور ان میں سے تعفن اٹھ رہا ہے۔ متعدد بار متعلقہ تھانوں کو ان لاشوں کی شناخت کے حوالے سے فون کیا گیا مگر ان کی جانب سے کوئی شناخت عمل میں نہیں لائی جا سکی۔






































