لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نےکہا ہے کہ 2018 کے الیکشن میں دودھ کادودھ اورپانی کا پانی ہوجائے گا۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمھاری حکومت آنے سے پہلے ملک میں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوا کرتی تھی جبکہ میں لوڈ شیڈنگ کم کرنے کے کام پر لگا ہوا تھا چھوہارے نہیں بیچ رہا تھا، آج لوڈشیڈنگ کہاں ہے، لوڈشیڈنگ ہوتی تو اس ہال میں اب تک کئی مرتبہ لائٹ جاچکی ہوتی، خزانہ لوٹنے والے آج قوم کو لیکچر دے رہے ہیں، نندی پورپراجیکٹ اور رینٹل پاور میں عوام کی جیبیں کٹ گئیں، جیب کترے کرپشن کرنے کے بعد ٹی وی پر بھاشن دیتے ہیں، ہم مختلف زمانوں اور حالات میں الیکشن لڑتے رہے ہیں،2018 کے الیکشن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ انہوں نے خیبر پختونخوا کے لیے کیا کیا، خیبر پختونخوا میں ڈینگی نے حملہ کیا تو عمران خان پہاڑوں پرچلے گئے، وہ پہاڑوں پر اس لیے چڑھے کہ کہیں ڈینگی کا شکار وہ خود نہ ہوجائیں، جو ڈینگی کا مقابلہ نہیں کر سکے وہ ملک کی حفاظت کیسے کریں گے۔