اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ احتساب عدالت میں رینجرز تعینات کرنے کے احکامات کس نے جاری کیے؟ اس معاملے کی تہہ تک پہنچنا ضروری ہے ،جج اور کمانڈوز سے کچھ معلوم نہیں ہواہے ۔ تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے مسلم لیگ کی جنرل کونسل کے اجلاس کے دوران شہبازشریف نے نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ گاڑی اور عہدے سے تعلق رکھنے والے ایک دو مشیروں نے آپ کو غلط مشورے دیے ۔شہبازشریف کے اس بیان پر شاہد خاقان عباسی سے سوال کیا تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف سے پوچھنا پڑے گا کہ انہوں نے کن مشیروں کی بات کی ،4مشیروں کو بلا کر پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی مشورہ نہیں دیا ۔ پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہناتھا کہ اسحاق ڈار پر مقدمے کی کوئی حقیقت نہیں ہے میں ان کی مکمل سپورٹ کروں گا ،اسحاق ڈار 2018تک وزیر خزانہ ہی رہیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ رینجرز کی تعیناتی کے معاملے کی تہہ تک پہنچنا ضروری ہے ،جج اور کمانڈوز سے کچھ معلوم نہیںہواہے ،بریگیڈیئر آصف سمیت سب سے پوچھنا پڑے گا ،قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔احسن اقبال کے ریاست میں ریاست کے بیان پر شاہدخاقان عباسی کا کہناتھا کہ ریاست میں کوئی ریاست نہیں ہے ،انہوں نے حالات کے مطابق بیان دیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور نجی سیکٹر کو موجودہ چیلنجز پر قابو پانے اور زراعت کے شعبہ کو فروغ دینے کی غرض سے فعال پالیسی وضع کرنے کیلئے مشترکہ تعاون کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے ایگریکلچر سیکٹر کے مختلف سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے نمائندوں پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ان سے ملاقات کی۔ وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و ریسرچ سکندر حیات بوسن، خلیل ستار، امداد نظامانی، خالد کھوکھر، سیّد ندیم شاہ، صاحبزادہ قدرت اﷲ، مسیر محمد میدہ خیل، ملک اے رحمن لانگ، میاں عمیر مسعود، چوہدری رضوان اقبال، میاں غلام مصطفی وٹو اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پیداواری اخراجات، پیداوار، مقامی زراعتی مصنوعات کی مسابقت و مارکیٹنگ اور ایگریکلچر کو درپیش چیلنجوں سمیت ایگریکلچر سیکٹر سے متعلق امور زیر بحث لائے گئے۔ زراعتی سیکٹر کی برآمدی صلاحیت اور سی پیک کے ذریعے نئے مواقع بھی زیر بحث لائے گئے۔ وزیراعظم نے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، اقتصادی ترقی اور فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے میں ایگریکلچر سیکٹر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر سیکٹر حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت کسانوں بالخصوص چھوٹے کسانوں کو ہر ممکنہ سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعظم نے لائن آف کنٹرول کے پار سے راولا کوٹ اور چڑی کوٹ سیکٹروں میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کی پرزور مذمت کی ہے، جس کے نتیجہ میں دو معصوم بچے شہید ہوئے، وزیراعظم نے پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہاجنہوں نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرادیا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے سندھ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ(ن) کے ارکان قومی اسمبلی نے یہاں بدھ کو ملاقات کی۔ وزیراعظم سے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے بدھ کو یہاں ملاقات کی، وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔