مری (این این آئی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ایٹمی مملکت ہے ملک کا دفاع کر نا جانتے ہیں ¾ دہشتگردی کی خلاف جنگ میں ہزاروں قربانی دی ہیں ¾ہمیں ان قربانی سے رہنمائی حاصل کر نے کی ضرور ت ہے ¾ جمہوری اقدار کی مضبوطی کے ذریعے قوم کو درپیش مسائل حل کئے جائینگے ¾ کوئی بھی ادارہ اساتذہ کی ترقی کے بغیر اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکتا۔ وہ جمعرات کو لارنس کالج گھوڑا گلی مری کے 157 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کالج میں مختلف ترقیاتی کاموں کےلئے 20کروڑ روپے کے فنڈز کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ اساتذہ کی فلاح وبہبود کےلئے فنڈ قائم کرے جس میں حکومت بھی مدد فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ملک کو مختلف مسائل درپیش ہیں مگر اللہ کا کرم ہے کہ ہمارا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جن کو دنیا میں عزت اور وقار کی نظر سے دیکھا جاتاہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ملک میں جمہوری اقدار کو مضبوط کیا جائے اور ہم ان کے ذریعے ہی ملک و قوم کو درپیش مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی مملکت ہے اور ہم نے اپنی محنت سے یہ طاقت حاصل کی ہے، ہم ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑرہا ہے جس کےلئے ہزاروں قربانیاں دی گئی ہیں، قربانیاں دینے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنا سب کچھ ملک پر قربان کیا اور آج بھی کررہے ہیں، ہمیں ان کی قربانیوں سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ لارنس کالج سے میری خوشگوار یادیں وابستہ ہیں اور کالج کا شمار ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں زیر تعلیم طلباءخصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ آج ان کی تعلیم کا ایک اور سال مکمل ہوا جو ان کے والدین کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے طالب علموں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ 42 سال پہلے میں بھی وہاں کھڑا تھا جہاں آج آپ کھڑے ہیں اور وہ میری زندگی کا بہترین دن تھا۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے یوم تاسیس میں بطور مہمان خصوصی شرکت میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ پاکستان کے بہترین اداروں میں سے ایک ادارے میں تعلیم حاصل کررہے ہیں اور لارنس کالج گھوڑا گلی نے نہ صرف بہت سے نامور لوگ پیدا کئے بلکہ سب سے بڑھ کر یہ کہ اس کالج نے ہمیشہ اچھے انسان پیدا کئے ہیں اور آپ لوگ یہاں اپنے ساتھیوں کو اچھی طرح پہچان لیں جو مستقبل میں بھی آپ کی زندگی کے بہترین دوست ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہاں پر آپ نے تعلیم حاصل کی ہے لیکن لارنس کالج کی تربیت آپ کو مستقبل میں بڑی معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں گیلینز کی تعداد2 اڑھائی ہزار سے زیادہ نہیں ہے اور اس کالج نے ہر شعبہ زندگی میں بڑے معروف نام اور لیڈر پیدا کئے ہیں۔ وزیر اعظم نے یوم تاسیس کے موقع پرمختلف انعامات، میڈلز اور ایوارڈز حاصل کرنے والوںکو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہاکہ کالج کی ترقی اور بہتری کےلئے ہر طرح کی معاونت کےلئے حاضر ہوں۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی ادارہ اساتذہ کی ترقی کے بغیر اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکتا۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب کے آخر میں انعامات حاصل کرنے والے اور خصوصی کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلباءکو مبارکباد دی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خطاب کے آخر میں کالج کا خصوصی نعرہ بھی لگوایا۔






































