تازہ تر ین

آئی ایس آئی اور ”را“ ایک پچ پر, اہم خبر نے کھلبلی مچادی

لندن (خصوصی رپورٹ) پاکستان اوربھارت کی خفیہ ایجنسیوں کے سابق سربراہان نے دونوں ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے فوری طور پر سفارتی سطح پر مذاکرات کریں اور کرکٹ کھیل کر باہمی روابط بڑھائیں۔ آئی ایس آئی کے سابق ڈی جی جنرل (ر) احسان الحق اور ”را“ کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دلت نے لندن سکول آف اکنامکس میں منعقدہ عوامی مباحثے میں حصہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں میں جنگ کوئی آپشن نہیں پاکستان اور بھارت کی قیادت کو بامعنی مذاکرات کی طرف بڑھنا چاہئے۔ مباحثے کے دوران جنرل (ر)احسان الحق اور امرجیت سنگھ نے اپنے اپنے ممالک کے انٹیلی پس منظر پر تفصیلی روشنی ڈالی سوالوں کے جواب دیئے اور ایک دوسرے کو لطیفے سنائے۔ ایک سوال کے جواب میں سابق آئی ایس آئی چیف کا کہنا تھاکہ سفارتی تعلقات میں تعطل کے باوجود خفیہ رابطے جاری رہنے چاہئیں کیونکہ یہ بحران کے حل کا واحد راستہ ہوتے ہیںاور اس پیشرفت کا سلسلہ نیچے سیاسی سطح تک آنا چاہئے ۔ان کا کہنا تھاکہ بھارت کی جانب سے بات چیت کا چینل بند کرنے سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ امرجیت سنگھ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین خفیہ معلومات کا تبادلہ ایک مرحلے پر پرویز مشرف کی جان بچا سکتا تھا جسے ایک طرح سے تسلیم بھی کیا گیا، اور اس پر بات کرنا ضروری ہے۔ جنرل احسان نے سامعین کو اپنے ابتدائی ریمارکس میں بتایا کہ پورے جنوبی ایشیائی خطے کے امکانات میں خلل پڑا ہوا ہے جس کی وجہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اختلافات ہیں اور اس کی بنیادی وجہ بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کا تنازع ہے جو پاکستان کے لئے ایک بنیادی مسئلہ ہے اور کشمیریوں کی حمایت کرنے کی سزا پاکستان کو دینے کے لئے بھارت نے بلوچستان اور پاکستان کے مرکزی علاقوں میں طالبان گروپوں کے ذریعے مسائل پیدا کرنا شروع کر دیئے۔ جاسوس تنظیم کے سابق سربراہ نے کہا کہ کلبھوشن یادو کی گرفتاری اور انکشافات نے پاکستان کو بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں بھارت کے ملوث ہونے اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لئے دہشت گردی کو استعمال کرنے کے ناقابل تردید شواہد فراہم کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے عرصے میں بھارتی قابض فوج کی جانب سے انتہائی بے رحمانہ فوجی حکمت عملی کے تحت پیلٹ گن کے استعمال سے ایک سو سے زائد کشمیری نوجوان شہید ہوئے ہیں۔ کشمیریوں کی اپنی شروع کی ہوئی آزادی کی تحریک نئی نسل کو منتقل ہوگئی ہے۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ نے کہا کہ نرنیدر مودی نے سیاسی اور انتخابی آلہ کار کے طور پر پاکستان کے خلاف سخت الفاظ کا استعمال کیا تاکہ سیاسی وجوہات کے لئے مقامی جذبات سے کھیلا جاسکے۔ اے ایس دلت نے اس بات سے اتفاق کیا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کی جانب سے بہت سے کشمیری نوجوان شہید ہوئے ہیں لیکن انہوں نے دعوی کیا کہ بہت سے بھارتی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain