لاہور (نیوز ڈیسک) اسلام آباد احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم کی حاضری کی استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ کرلیا جبکہ ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کا پیشی سے قبل طبی معائنہ کرایا گیا۔ احتساب عدالت نے لندن فلیٹس بارے ریفرنس کی کاپیوں کی نقول مریم نواز کو فراہم کردیں جبکہ مریم نواز کو 50 لاکھ کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کرانے کا حکم دیا۔ پیشی سے قبل جوڈیشل کمپلیکس کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ صحافیوں‘ وکلاءکا داخلہ بند کردیا گیا۔ مریم نواز 23 گاڑیوں کے قافلے میں احتساب عدالت پہنچیں۔ وفاقی وزراءطلال چودھری‘ مصدق ملک‘ عباس آفریدی‘ طارق فضل چودھری سمیت ن لیگ کے کارکنوں نے والہانہ استقبال کیا اور نعرے بازی کی۔ نیب حکام نے عدالت میں مو¿قف اپنایا کہ ایک شخص آتا ہے تو دوسرا چلا جاتا ہے۔ یہ تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔ نیب نے کہا کہ ملزم نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں‘ وہ عدالت کو بتائے بغیر بیرون ملک گئے جبکہ ان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ 15 دن کی مہلت دی جائے کیونکہ ان کی اہلیہ بیمار ہیں اور سابق وزیراعظم کی لندن روانگی کے بعد میڈیکل رپورٹ سامنے آئی۔






































