تازہ تر ین

ختم نبوت پر بننے والی کمیٹی بارے اہم خبر, اختلافات سامنے آگئے

لاہور (خصوصی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ(ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ختم نبوت پر کوئی مسلمان سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ نوازشریف اور شہبازشریف کی پرانی عادت ہے کہ وہ اپنے گناہ کا ملبہ کسی اور پر ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں‘ اب بھی انہوں نے ایسا ہی کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر نائب امیر مجلس احرارالاسلام سید محمد کفیل بخاری کی قیادت میں ملنے والے وفد سےگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کے قانون کیلئے پہرہ دینا پڑے گا کیونکہ یہ دراصل 2013ءکے اپنے ایجنڈے کی تکمیل کر رہے ہیں۔ حلف نامہ کی تبدیلی کی حالیہ سازش کا مقصد بیرونی آقاﺅں کو خوش کرنا تھا۔ سید محمد کفیل بخاری نے حلف نامہ کو اقرار نامہ میں بدلنے کے معاملہ پر آواز بلند کرنے پر چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور طارق بشیر چیمہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نوازشریف کے بیرون ملک اربوں ڈالر کے اثاثوں اور سرمایہ کاری کے ثبوت موجود ہیں۔ انہیں اس ملک یا اس کے عوام سے کیا ہمدردی ہو سکتی ہے۔ علاوہ ازیں چودھری شجاعت حسین سے کراچی سے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے بھی ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں شافع حسین اور سالک حسین بھی موجود تھے۔ قادیانیوں کے ایجنڈے کو پروان نہیں چڑھنے دیں گے۔ قادیانی اور لادین قوتیں قانون ناموس رسالت کو ختم کروانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ قادیانی آئین پاکستان کے باغی ہیں جو مسلسل بغاوت کررہے ہیں۔ختم نبوت کے قانون پر سمجھوتہ ناقابل برداشت ہے۔ قادیانی ملک دشمن قوتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت ختم نبوت کے حلف نامہ میں تبدیلی کرنے والوں کو عوام کی عدالت میں پیش کرے۔ یہ بات جامع مسجد صدیقیہ ستیانہ روڈ پر ختم نبوت کانفرنس سے پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، علماءکونسل پنجاب کے سرپرست مولانا حق نواز خالد، قاری عصمت اللہ معاویہ،مولانا عابد فاروقی،مولانا اعظم فاروق،مولانا نعیم طلحہ،مولانا ثاقب عزیز،قاری محمد عثمان،مولانا عامر اشرف،مولانا یاسر علوی،مولانا الطاف اللہ فاروقی،قاری اسماعیل رحیمی،الحاج صوفی جمشید الٰہی،مولانا عبد الرشید،محمد سلیم سوہنا ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مقررین نے کہا کہ قادیانیوں نے پاکستان میں آج تک اپنی آئینی حیثیت کو تسلیم ہی نہیں کیا ۔حکومت میں چھپے قادیانیت نواز افراد کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔چیئرمین پاکستان علماءکونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ءختم نبوت کے مقدس خون کے صدقے شہید ذو الفقار علی بھٹو مرحوم نے پارلیمنٹ میں قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا تھا ۔قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کا فیصلہ پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کا تھا جو رہتی دنیا تک قائم رہے

نوشہرہ ورکاں،چناب نگر (خصوصی رپورٹ) ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اس میں ایک لفظ تو کیا ایک نقطہ کی بھی تبدیلی برداشت نہیں ہوگی حکمران سن لیں جب تک اس ملک میں تحریک لبیک یارسول اللہ کا ایک بھی کارکن زندہ ہے ختم نبوت قانون میں ترمیم ممکن نہیں ہوسکے گا، ہم پاکستان کو مکمل اسلامی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک یا رسول اللہ تحصیل نوشہرہ ورکاں کے زیر اہتمام جامعہ مصطفائیہ میں عظیم والشان لبیک یارسول اللہ کانفرنس منعقد ہوئی مرکزی امیر خادم حسین رضوی سرپرست پیر محمد افضل قادری، ڈویژنل امیر علامہ نصراللہ قادری، ضلعی امیر غفارشاہ، تحصیل امیر و میزبان مفتی پیر محب الدین رضوی، ڈاکٹر عامر علی حسین سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ ہماری جماعت تحریک لبیک پاکستان کے پلیٹ فارم سے این اے 100 سمیت ملک بھر و آزادی کشمیر میں ہونے والے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی قائدین مولانا محمدالیاس چنیوٹی‘ مولانا شبیر احمد عثمانی‘ مولانا زاہد محمود قاسمی‘ صاحبزادہ محمد قادری نے کہا کہ وزیرخارجہ خواجہ آصف کی امریکہ میں قادیانی لابی سے ملاقاتیں باعث تشویش ہیں۔ قادیانی جماعت کی جانب سے سوشل میڈیا پر وزیرخارجہ خواجہ آصف سے قادیانی جماعت احمدیہ کے ساتھ ملاقاتوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونا امت مسلمہ اور پاکستان کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ حلف نامہ معاملے پر تحقیقات جو ہوں اس کو منظرعام پر لایا جائے اور وزیر قانون اپنے عقیدے کی وضاحت کریں اور حکومت یہ بتائے بیوروکریسی میں اعلیٰ عہدوں پر کتنے قادیانی موجود ہیں جو یہ گھناﺅنی سازشیں کرتے رہتے ہیں۔ قادیانیوں کو آئین کے دائرے میں لانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارے ایٹمی اثاثوں پر امریکہ اور یہودیوں کی نظر ہے اور قادیانیوں کے ذریعے ملک کو عدم استحکام کی طرف بڑھایا جا رہا ہے۔ قومی ایکشن پلان کا رخ قادیانی دہشت گردی کی طرف موڑا جائے اور چناب نگر میں کراچی طرز کا آپریشن کیا جائے۔ قادیانی اپنی آئینی حیثیت تسلیم نہ کر کے آئین اور قانون سے بغاوت کر رہے ہیں اور ریاست کو چیلنج کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قادیانیوں کو قانون کا پابند بنائیں اور امتناع قادیانیت ایکٹ پر چناب نگر سمیت ملک بھر میں عملدرآمد کرایا جائے۔ دہشت گردی جیسے ناسور کا خاتمہ وقت کا تقاضا ہے۔ سیاستدانوں اور حکمرانوں کو ملک میں قیام امن کیلئے آنے والے مستقبل کو سامنے رکھ کر ملکی مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں۔
لاہور(وقائع نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ختم نبوت کے حلف نامے کو ختم کرنے کے سنگین جرم کی تحقیقات سپریم کورٹ کی سطح پر غیر جانبدار جے آئی ٹی کی طرف سے ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کو کڑی سزائیں ملنی چاہیے، چور اپنی چوری کی تحقیقات کیسے کر سکتے ہیں؟؟انہوں نے نااہل نواز شریف کی بنائی ہوئی کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نواز شریف بنائیں یا وزیر اعظم ایک ہی بات ہے۔ یہ تحقیقات سپریم کورٹ کرے،ایک مسلّمہ جھوٹا شخص پوچھتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا؟ علوم الحدیث کانفرنس میں شریک چاروں صوبوں سے آئے ہوئے ہزاروں علماءپوچھ رہے ہیں ختم نبوت کا حلف کیوں نکالا؟ انہوں نے علوم الحدیث کانفرنس کی غرض وغایت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس میں شریک ہزاروں علماءانتہاءپسندی ،دہشتگردی اور فرقہ واریت سے شدید نفرت کرتے ہیں اور کانفرنس میں شریک ہر عالم اور سکالر اتحاد بین المسلمین اور استحکام پاکستان کا علمبردار ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ علماءومشائخ نے ایک قرار داد کے ذریعے آئین سے امانت،دیانت کے خاتمہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے کیونکہ چور،ڈاکو،لٹیرا ملک یا جماعت کا سربراہ کیسے بن سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ایک طاقتور طبقہ فوج اور سپریم کورٹ کو گالیاں دے رہا ہے،پاکستان کی سا لمیت کے خلاف دھوکہ ہو رہا ہے،پاکستان کی فوج اور عدلیہ کے ساتھ بغاوت ہورہی ہے،میں حیران ہوں کہ پاکستان کے ادارے خاموش کیوں ہیں؟انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے وکلاءنے عدالت میں تسلیم کیا تھا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی مگر اب تاریخ پر تاریخ پڑ رہی ہے، قاتلوں کی بات کی جارہی ہے ان مظلوموں کی بات کیوں نہیں سنی جاتی جو انصاف کے منتظر ہیں،ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہا کہ حلف نامے میں تبدیلی کسی معاہدے کا نتیجہ لگتی ہے، شدید ردّ عمل پر حکومت پیچھے ہٹ گئی، ڈاکٹرطاہر القادری نے کہا کہ جس دن ان جھوٹے حکمرانوں نے اپنے فائدے کے لئے آئین کو تبدیل کیا اُسی روز ان کی حکومت کا تختہ الٹ جائے گا۔
کراچی،سوات (خصوصی رپورٹ) عقیدہ ختم نبوت اسلام کی بنیاد اور مسلمانوں کے ایمان کا لازمی ہے۔ اس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ اور الفاظ کا ہیرپھیر ناقابل برداشت ہے مگر مسلم لیگ ن کی حکومت نے اس معاملے کو متنازعہ بناتے ہی جرا¿ت کر ڈالی۔ خدا بھلا‘ جماعت اسلام (ن) کے ارکان قومی اسمبلی اور شیخ رشیداحمد کا جنہوں نے اسلام دشمن کے حلف نامے کو حذف کرکے کاغذات نامزدگی میں صرف اعلان کا لفظ شامل کرنے کی سنگین غلطی کی نشاندہی کی تو سب کو ہوش آیا اور حکومت نے بعدازاں انتخابی اصلاحات میں دوبارہ ترمیم کرکے حلف نامے کے الفاظ کو بحال کردیا گیا۔ یہ ترمیم بھی انہی وزیر قانون نے پیش کی جنہوں نے سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی حکوتم کے وزیر قانون کی حیثیت سے انتخابی قواعد کے قانون میں ختم نبوت پر ایمان کا حلف اٹھاتا ہوں کے الفاظ شامل کئے تھے اور ن لیگی حکومت کے وزیر قانون کی حیثیت سے زاہد حامد نے ہی اس قانون میں ترامیم کیں کسی شرم و حیات کے بغیر اپنے ہی بنائے گئے قانون کو ڈکٹیٹر کا قانون قرار دے کر فخر کے ساتھ تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔ مذہبی و سیاسی حلقوں کے احتجاج پر ایک پریس کانفرنس میں بل کی کاپی دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ختم نبوت کا حلفہ نامہ ختم نہیں کیا گیا مخالفین پر جھوٹ بولنے کا الزام لگایا اور اس کے دوسرے ہی روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں حلف نامہ ختم کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی بحالی کی ترامیم پیش کیں جو اتفاق رائے سے منظور ہوئیں۔ اس ترمیم نے حکومت کے مخالفین کو نہیں وزیر قانون زاہد حامد کو جھوٹا ثابت کیا۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ اتنی سنگین غلطی اور غلط بیانی پر استعفیٰ دے دیتے‘ وزارت چھوڑ دیتے الٹا حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ کو موردالزام ٹھہرا رہے ہیں۔ اگرچہ یہ بات ان کی درست ہے کہ ارکان نے پڑھا کیوں نہیں تھا اس سے پارلیمنٹیرینز کی قانون سازی کے ساتھ عدم سنجیدگی عدم دلچسپی اور لاپروائی تو ظاہر ہوتی ہے مگر وزیرقانون کی اپنی غفلت کا بھی اظہار ہوتا ہے۔جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارا دشمن کمزور اور بزدل ہے جو چور دروازے سے ہم پر حملہ کرتا ہے، سی پیک پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، امریکہ نے اسی سی پیک پر متنازعہ بیان دیا ہے جو ہمارے لئے ناقابل قبول ہے، امریکہ اور اس کے حواریوں کو پاکستان میں پنپنے نہیں دیں گے۔پانامہ پاکستان کے لئے بین الاقوامی سازش ہے اور اگر حکمرانوں نے اس بین الاقوامی سازش کا شکار ہو کر امریکہ کی غلامی کی تو پاکستان کی عوام انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔مینگورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں ختم نبوت قانون میں ترمیم کی کوشش کی گئی، آج بھی سازش پکڑی گئی ہے اورہم ڈٹ گئے ہیں،پارلیمنٹ میں ہمارے جوانوں نے اس کوشش کو 24گھنٹے میں ناکام بنادیا، کوئی مائی کالعل ختم نبوت قانون کونہیں چھیڑسکتا۔ میں ان سازشی عناصر کو متنبہ کرتا ہوں کہ وہ ان سازشوں سے باز آجائیں ورنہ انہیں منہ کی کھانا پڑے گی۔جمیعت علمائے اسلام(ف)اس وقت قوم کی آواز ہے،جب بھی اسلام پر کوئی آزمائش آئی تو جے یوآئی میدان میں اتری اور عوام کی اصل طاقت بن کر ان سازشوں کو بے نقاب کیا۔میں پاناماکوپاکستان کیخلاف بین الاقوامی سازش دیکھ رہاہوں،میں کسی حکمران کی جنگ نہیں لڑرہا،پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کے لیے ابتدا سیاسی بحران سے ہوگی۔پاکستان چین کے ساتھ نیا اقتصادی دورشروع کرنا چاہتا ہے،پاکستان ترقی کی طرف جانا چاہتاہے،یہاں بحران پیداکئے جار ہے ہیں ۔ ہم نے انگریز کو اس سر زمین پر پنپنے نہیں دیا تو امریکہ کی کیا جرات کے وہ پاکستا ن کی اقتصادی ترقی میں رکاوٹ بنے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چوردروازے سے پارلیمنٹ میں ختم نبوت کے قلعے میں نقب لگانے کی کوشش کی گئی، سازشیں ناکام ہوگئیں،ان کومنہ کی کھانی پڑی ہے۔ میں پاکستانی عوام سے کہتا ہوں کہ اگر آپ میںاخلاقی جرات ہے تو کھل کر علمائے کرام کے شکر گزار بنیں۔فاٹا کے لئے اچھلنے کودنے والوں پر امریکہ کا دباﺅ ہے لیکن ہم فاٹا سے ایف سی آر ختم کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔
لاہور (وقائع نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ ختم نبوت ترمیم کی طرح شق 203 کو بھی واپس لیا جائے اور ختم نبوت کے حلف میں تبدیلی کرنے والوں کو فارغ کر کے حکومت ان سے اعلان لاتعلقی کرے ۔ ختم نبوت کے حلف میں ترمیم کرنے والوں نے اکیس کروڑ پاکستانیوں سمیت دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کیا۔ جماعت اسلامی قبل از وقت انتخابات نہیں چاہتی ۔ کرزئی کے داعش اور امریکہ کے بارے میں بیان کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے ۔ کرزئی کا پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بگاڑنے میں نمایاں کردار ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کے اجتماع ارکان سے خطاب اور اوکاڑا میں ضلعی امیر ڈاکٹر لیاقت علی کوثر کے بیٹے کی تقریب نکاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔اجتماع سے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔سنیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت ختم نبوت کے حلف نامہ کی ترمیم سے اپنی لاتعلقی ثابت نہیں کر سکتی ۔ حکومتی صفوں میں ایسے عناصر موجود ہیں جو عالمی سامراجی قوتوں کے اشارے پر ناموس رسالت کے قانون کو بدلنے اور ختم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔ حکومت ان لوگوں کا دفاع کرنے کی کوششوں میں کامیاب نہیںہوسکتی اس لیے اسے عوامی غم و غصہ سے بچنے کے لیے ختم نبوت کے حلف میں ترمیم کرنے کی سازش کرنے والوں کو حکومت سے فارغ کرنا ہوگااور ان کے خلاف فوری طور پر آئین کے مطابق کاروائی کرتے ہوئے ان سے اعلان لاتعلقی کرناہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ عوام اور میڈیا کی بیداری نے اسلام دشمن قوتوں کی اس جسارت کو ناکام بنایا اگر جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی بروقت اس سازش کو بے نقاب نہ کرتے تو ختم نبوت میں نقب لگانے کی کوشش کرنے والوں کو شاید اتنی جلدی ناکامی کا منہ نہ دیکھنا پڑتا ۔ انہوںنے کہاکہ اس اہم ترین اور کروڑوں مسلمانوں کے عقیدہ و ایمان کے مسئلے کو جو لوگ معمولی قرار دے کر اسے نظر انداز کرنے اور بھول جانے کی باتیں کررہے ہیں انہیں بھی اپنے گریبانوں میں جھانک کر اپنے ایمان کا جائزہ لینا چاہیے ۔ سینیٹر سراج الحق نے امریکہ کی طرف سے داعش کی سرپرستی بارے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سابق افغان صدر کرزئی کے بیان کو سنجیدہ نہیں لیناچاہیے ۔ مختلف دینی جماعتوں سے وابستہ علماءکرام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کاغذات نامزدگی کے فارم سے حلف نامے کو نکالنے کی سازش کے ذمہ دار عناصر کو قوم کے سامنے پیش کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے بعض عناصرملک کوسیکولرسٹیٹ بنانے اورقادیانیوں کوخوش کرنے کے لیے ایسے اقدمات کر رہی ہے اس سے قبل بھی ختم نبوت کو چھیڑنے کی ساشیں ہوتی رہی ہیں مگر علماءنے ان سازشوں کو ناکام بنایا ہے ختم نبوت کی حفاظت اپنے خون کے اخری قطرے تک کریں گے ان خیالات کااظہارعالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اسلام آبادکے سیکرٹری جنرل قاری عبدالوحیدقاسمی ،اسلام آبادعلماءکونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹرظفراقبال جلالی ،مرکزی جماعت اہل سنت اسلام آبادکے امیرمولانامیاں عبدالقادرسکندری ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اسلام آبادکے مبلغ مولانامحمدطیب فاروقی ،جمعیت علماءپاکستان ضلع اسلام آبادکے سیکرٹری جنرل علامہ تنویراحمداعوان ،مرکزی جماعت اہل سنت اسلام آبادکے ناظم اعلی مولانانصیب الحسن ہزاروی ،جمعیت علماءپاکستان کے رہنماءقاری محمداسحق نورانی ،قاری زاہدجیلانی ،مفتی محمدندیم قاسمی ،مرکزی جماعت اہل سنت راولپنڈی ڈویژن کے ناظم اعلی مفتی فداحسین رضوی ،مولاناضیاءالحق چشتی ،قاری محمدسلیم چشتی ،قاری عبدالسلام جیلانی ،مولانامحمدافضل قادری،مرکزی جماعت اہل سنت ضلع راولپنڈی کے ناظم دعوت وتبلیغ مولاناوسیم اکرم کیلانی ،حافظ شعیب علی عطاری ،عبدمصطفی اور دیگر علما ءکرام نے خصوصی بات چیت کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ حکومت اصلاحات کے نام بگاڑمت پیداکرے اس وقت پورے ملک کے علماءاورمذہبی جماعتوں میں اضطراب پایاجاتاہے کاغذات نامزدگی سے ”میں صدق دل سے قسم اٹھاتا ہوں“ کے الفاظ کو ”میں اقرار کرتا ہوں“ میں تبدیل کرنا محض ایک غلطی قرار نہیں دی جاسکتی ہے ایسے اقدامات کر کے حکومت نے اپنی بدنیتی ظاہر کی ہے انہوں نے کہاکہ یہ پاکستان کی اساس پر کاری ضرب ہے ا س ملک کو سیکولر بنانے کی طرف اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں اس معاملے پر کوئی مسلمان خاموش نہیں بیٹھ سکتا حکومت نے یورپ ، امریکہ ، اورقادیانی لابی کی خوشنودی کیلئے یہ قدم اٹھایا ہے پاکستان جن نظریاتی بنیادوں پر وجود میں آیا ہے ان سے انحراف نہیں کرنے دیں گے یہ حکومتی اقدام شریعت سے متصادم ہے انہوں نے کہا ہے کہ کنڈکٹ جنرل الیکشن آرڈر 2002 میں قادیانی ، احمدی ، لاہوری اور دیگر گروپوں کے غیر مسلم ہونے کے حوالے سے پورا ایک صفحہ موجود تھا،ہم حکومت کو باور کروانا چاہتے ہیں کہ جو قانون بنوا سکتے ہیں وہ اس کی حفاظت بھی جانتے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ حکومت اپنی صفوں میں چھپے دشمنوں کودیکھے جوآئے روز حکومت کے لیے مشکلات پیداکررہے ہیں،مزیدان کا کہناتھا کہ ختم نبوت کے حوالے سے کسی قسم کی لفظی ترمیم بھی مسلمان گوارا نہیں کرسکتے ہیںانہوں نے کہاکہ ہمارے اکابرین نے جوقانون 1974ءمیں منظورکروایا تھااس کے ساتھ چھیڑخوانی برداشت نہیں،اس کی مکمل طور پر حفاظت کریںگے اور کہا کہ نااہلی کو آئین کا لبادہ اوڑھنے کی بھی مذموم کی بھی بھر پور مذمت کرتے ہیں ،ن لیگ اپنی کرپشن اور نااہلی کو چھپانے کے لئے ملک کے آئین کے ساتھ کھیل رہے ہیں قومی اسمبلی کے ممبران کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain