نوشہرہ: سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے آبائی شہر میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے کہا کہ قلندر کی دھرتی سے آپ کے پاس آیا ہوں، پختونوں کی دھرتی میں آنے کا مقصد این اے 4 کیلئے ووٹ حاصل کرنا نہیں، سینیٹ کے ووٹ کے لئے پی ٹی آئی اور اے این پی مک مکا کی سیاست کر رہی ہیں۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے صرف دکھاوے کی سیاست کرتے ہیں مگر میں نے پختونوں کو شناخت دی تاکہ پختون اپنی شناخت پاکستان کیساتھ وابستہ رکھیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کیساتھ زیادتیاں ہو رہی ہیں، جو زیادتیاں بھارت میں مسلمانوں کیساتھ ہو رہی ہیں، وہ بیان نہیں کر سکتا، آج ہمارے پاکستان کو خطرہ لاحق ہے، پاکستان بنانے میں ہمارے بزرگوں نے بہت تکلیفیں اٹھائیں، ہمیں پاکستان اور پختونوں کی قدر کرنی چاہئے، دوبارہ موقع ملا تو خیبر پختونخوا کی عوام کو خوش کریں گے، پیپلز پارٹی پختونوں کے شانہ بشانہ ساتھ چلے گی۔