لاہور (خصوصی رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ ٹوٹ چکی ہے جبکہ پنجاب نواز کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ انہوں نے کہا معیشت انتہائی خطرناک حد کو چھو رہی ہے۔ پاکستان مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔ فیصلے عقلمندی سے کرنا ہوں گے۔ پنجاب میں ٹکٹ ہولڈرز سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا پنجاب جیالوں کا گڑھ ہے‘ یہ 2018ءکے انتخابات میںثا بت ہو جائے گا۔ 2013ءمیں معیشت کو جہاں ہم نے چھوڑا آج وہاں سے بھی پیچھے چلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور نقلی خان دونوں کو پنجاب میں بھی شکست دیں گے۔ عمران خان کی دلچسپی صرف وزیراعظم بننے میں ہے۔ نوازشریف خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔ نوازشریف یاد رکھیں اداروں کے ساتھ محاذآرائی کا نتیجہ خطرناک ہو گا۔ آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہو گا۔ دریں اثناءمسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ذوالفقار کھوسہ کے گھر پر ان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں آصف زرداری نے کہا کہ ن لیگ نے پاکستان کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ عمران خان انوکھا لاڈلا ہے‘ بے چارے کو کیا کہیں‘ مسلم لیگ کو توڑنے کی کوشش نہیں رہا‘ ن لیگ تو ٹوٹ چکی ہے۔ اگر ادارے نے معیشت پر بیان دیا ہے تو پاکستان کیلئے دیا ہے‘ اپنے لئے نہیں۔ ہماری اسٹیبلشمنٹ یا ادارے سب کو علم ہے کہ کیا ہو رہا ہے۔ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ چار سال سیاست نہیں کروں گا۔ کوشش ہے کہ اچھے دوستوں کو ساتھ لے کر چلوں۔ ذوالفقار کھوسہ نے میرے کندھے پر ہاتھ رکھا ہے اور بھی دوست پیپلزپارٹی میںآنے کیلئے تیار ہیں۔ آصف زرداری نے ملاقات میں ذوالفقار کھوسہ کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔ ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ کسی جماعت کے سربراہ کا گھر آنا میرے لئے اعزاز ہے۔ ذاتی طور پر آصف علی زرداری کے ساتھ ہوں۔ شمولیت کی دعوت پر آصف علی زرداری کا شکرگزار ہوں‘ ہم جب فیصلہ کریں گے تو زرداری صاحب کو مایوس نہیں کریں گے۔ مشورے کیلئے کچھ مہلت مانگی ہے۔ میں نے ن لیگ کیلئے بہت کچھ کیا لیکن پارٹی میں مشرف کے لوگ آ گئے۔
زرداری‘ ذوالفقار کھوسہ






































