تازہ تر ین

حکومتی رٹ نظر نہیں آ رہی، ضیا شاہد، الیکڑونک میڈیا کا قصور ہے، رانا ثناء اللہ

لاہور (وقائع نگار) خبریں کی سلور جوبلی سالگرہ کے حوالے سے گزشتہ روز چیف ایڈیٹر ضیاشاہد نے پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی۔ اس دوران رانا ثناءاللہ سے ان کا مکالمہ ہوا۔ ضیاشاہد نے کہا میں خود بھی جمہوریت کا حامی ہوں اور یہ عمارت ملک میں جمہوریت سے وابستگی کی سب سے پرانی یادگار ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے کچھ امور پر اختلاف سہی مگر وہ اچھے ایڈمنسٹریٹر ہیں۔ تاہم کچھ عرصہ سے ملک اور صوبے میں حکومتی رٹ نظر نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ عدالتی پابندی کے باوجود مال روڈ پر احتجاج کیوں ہوتا ہے؟ کیا حکومت پنجاب نے صحت کا شعبہ نظر انداز کردیا ہے کہ اب اس کے مخالفین بھی اس حوالے سے ان پر پھبتیاں کسنے سے بھی گریز نہیں کررہے ہیں، کیا صوبے کی خواتین کے لیے صحت کی مکمل سہولیات دستیاب نہیں ہوسکتیں۔ مال روڈ پر پابندی کے حوالے سے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ یہ سب الیکٹرونک اور سوشل میڈیا کا قصور ہے جب لوگوں کو پتا ہو کہ میری فوٹیج فوری تمام چینلز کی زینت بن جائے گی تو مظاہرین یہاں سے ہٹنے کو تیار نہیں ہوتے۔ اگر حکومت کسی بھی قسم کی رٹ قائم کرنے کی کوشش کرے تو سرخ دائروں میں فوٹیج چلا کر مزید بدنام کیا جاتا ہے اب تو یہ حال ہوچکا ہے کہ میڈیا کا کچھ حصہ خود مظاہرین کو بتاتا ہے کہ کیسی منظر کشی کریں اور مظاہرے کی باقاعدہ ڈرامائی تشکیل کی جاتی ہے۔ ہم نے تو یہ بھی دیکھا ہے کہ پندرہ مظاہرین کے لیے مال روڈ پر براہ راست کوریج کےلئے چینلز کی 25 گاڑیاں موجود ہیں۔ ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی حالت کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کا چلن بن چکا ہے اور لوگ جان بوجھ کر ایسے مناظر سوشل اور الیکٹرونک میڈیا پر شیئر کرتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ لوگ ایسی مزیدار خبریں پسند کرتے ہیں اس لیے انکی خاص انداز سے منظر کشی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے شک صوبے کے ہسپتالوں میں آئیڈیل حالات نہیں مگر بہتری ہوئی ہے جو نظر بھی آتی ہے اور یہی حالات تعلیمی شعبہ کے بھی ہیں۔ ملاقات کے موقع پر چیف ایڈیٹر روزنامہ خبریں ضیاشاہد نے انہیں اپنی کچھ تازہ تصانیف پیش کیں”باتیں سیاست دانوں کی“، ”گاندھی کے چیلے“ اور اپنی والدہ کے حوالے سے لکھی گئی کتاب ”امی جان“ مطالعہ کے لیے دیں۔ صوبائی وزیر قانون نے ان کا پنجاب اسمبلی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انکی صحافتی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain