اسلام آباد (این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بہت جلد نواز شریف کا ساتھ چھوڑ دیں گے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک ناموس رسالت پر بنا‘ ختم نبوت کے قانون کے حوالے سے بل کی میں نے ایوان میں نشاندہی کی ¾دھرنے والے عوام حکومت سے اپیل کر رہی ہے کہ وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد اور وزیر مملکت انوشہ رحمن سے فوری طور پر استعفیٰ لیا جائے تو بہتر ہوگا‘ یہ حکومت کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے رانا ثناءاللہ نے دھرنے والوں کو اسلام آباد بھیجا وہ بڑا ماسٹر مائنڈ ہے ¾انہوں نے پنجاب حکومت کو بچانے کے لئے مرکز کی طرف قافلہ روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ (آج) منگل کو حکومت ایک اہم بل ایوان میں پاس کرانا چاہتی ہے جو مسلم لیگ کے ممبر ایوان میں آئیں گے وہی نواز شریف کے ساتھ ہوں گے اور جو غیر حاضر ہوں گے وہ نواز شریف کے ساتھ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی حکومت کا حصہ ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمن بھی حکومت کا حصہ ہیں جو بہت جلد حکومت چھوڑ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے قانون کے حوالے سے حکومت نے جو بویا وہ خود کاٹے گی۔