اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چین میں کرپٹ لوگ سزا ملنے پر خودکشی کر لیتے ہیں مگر ہمارے حکمران کرپٹ چوروں اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کو تحفظ دیتے ہیں۔منگل کے روز سماجی رابطے کی ویٹ سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے ڈی آئی خان لڑکی برہنہ کیس سے متعلق فیصلے پر ٹویٹس کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال بعد کسی عدالت کی رپورٹ میں پولیس کی تعریف ہوئی ۔ پشاور ہائی کورٹ نے آئی جی خیبرپختونخوا مسعود خان کی کارکردگی کی تعریف کی ۔ اب پی ٹی آئی مخالفین موقع پرستوں کی شرمناک مہم کا خاتمہ ہو جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک طرف چین میں کرپٹ لوگ سزا ملنے پر خودکشی کر لیتے ہیں جبکہ پاکستان میں ہمارے حکمران نااہل اور عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو تحفظ دیتے ہیں ۔ (ن) لیگی حکومت موجودہ احتساب قانون کو کمزور کرنا چاہتی ہے تاکہ وہ سزا سے بچ سکے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر ممالک میں انسداد کرپشن قوانین کا سخت نفاذ ہوتا ہے اور کرپٹ لوگوں میں معاشرتی بائیکاٹ کا خوف بھی جبکہ پاکستان میں حکمران عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو گلے لگاتے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت کور گروپ کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں حکومت کے خاتمے کیلئے دباﺅ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حالیہ دھرنے نے حکومت کی نااہلی کا پول کھول دیا، موجودہ حکومت ناکام ہو چکی ہے ان کو دھرنا ختم کرانے کیلئے فوج کی مدد لینا پڑی، اب وزیراعظم استعفیٰ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزراءنااہل شحص کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، کابینہ جاتی امرا اور رائیونڈ کے چکر لگانے میں مصروف ہے اور کابینہ کے نااہل وزراءاپنے دفاتر جانا گوارا نہیں کرتے جبکہ اس غیر یقینی صورتحال کا واحد حل نئے انتخابات ہیں۔