گڑھی خدا بخش(ویب ڈیسک) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے جمہوریت اور پارلیمان کو کمزور کیا جب کہ آج ہر ادارے کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔بے نظیر بھٹو شہید کی 10ویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ بی بی کا پاکستان دنیا میں اکیلا ہورہا ہے، انہوں نے 30 سال جمہوریت کے لیے جدوجہد کی اور آمروں کے خلاف تحریکیں چلائیں، بی بی نے ہمیشہ صوبوں کے حقوق کی بات کی اور خواتین کو بااختیار کرنے کی جدو جہد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے جمہوریت اور پارلیمان کو کمزور کیا، آج ہر ادارے کی آزادی کو ختم کرکے انہیں کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے، ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے اور معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔چیرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دہشت گرد جب چاہتے ہیں حملہ کرتے ہیں، آج بھی ہمارے اسکول کالجز اور عبادت گاہیں محفوظ نہیں جب کہ کل بی بی شہید کو عدالت کے چکر لگوانے والے حکمران آج عدالت کے باہر چیخ رہے ہیں اور خود کو مظلوم ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے بھٹو شہید کے قاتلوں کا ساتھ دیا جب کہ جو دوسروں کو چور چور کہ رہے تھے آج سب سے بڑی چوری میں پکڑے گئے ہیں، انصاف کے سوداگر آج انصاف کی دہائی کررہے ہیں۔بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ جس نے بی بی کی شہادت کی تعزیت نہیں کی وہ آج سندھ میں آکر انہیں مظلوم کہہ رہا ہے تاہم ان کی سیاست اشاروں پر چل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس عدلیہ کی آزادی کے لیے بی بی نے جدوجہد کی اور کارکنوں نے خون بہایا اس عدلیہ سے ہمیں، بی بی اور شہید بھٹو کو انصاف نہیں ملا۔